سری نگر/03؍مارچ
ممبر پارلیمنٹ ( راجیہ سبھا) اِنجینئر غلام علی کھٹانہ نے آج یہاں بینکٹ ہال میں ضلع سری نگر میں ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لینے کے لئے اَفسرا ن کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( اے ڈی ڈی سی ) سری نگر ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اور دیگر ضلعی اَفسران نے شرکت کی۔
اُنہوں نے محکمہ دیہی ترقی ، محکمہ تعلیم ، اَمور نوجوان و کھیل کود ، صحت و طبی تعلیم ، جل شکتی ، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، زراعت اور متعلقہ محکموں کا جائزہ لیا۔
میٹنگ کے آغاز میں اے ڈی ڈی سی نے رُکن اسمبلی کو ضلع کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
ممبر پارلیمنٹ کو مرکزی معاونت والی سکیموں او ردیگر مستفیدین پر مبنی سکیموں کی عمل آوری اور ضلع میں ان سکیموں کی صد فیصد سیچوریشن کے بارے میں ایک مکمل پرزنٹیشن پیش کی۔اُنہیں ضلع میں جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔
اِس موقعہ پر غلام علی کھٹانہ نے خطاب کرتے ہوئے اَپنے اطمینان کا اِظہار کیا اور ضلع میں اَب تک ہونے والے کاموں کو سراہا۔
اُنہوں نے ہر پروجیکٹ پر رائے لیتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ وہ مقررکردہ وقت میں مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے تمام رُکاوٹوں کی نشاندہی کریں۔اُنہوں نے اَفسران پر زوردیا کہ وہ اہداف کو بروقت مکمل کرنے کے لئے کام کو تیز کریں۔
اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے لئے دستیاب رہیں اور ان کی شکایات کا اَزالہ کریں۔