نیوز ڈیسک//
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں جاری اٹھاپٹھک کا قومی ٹیم کے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ اور اس سے پہلے ہونےو الی سیریز میں کھلاڑیوں کے مظاہروں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس وقت دنیا کے بہترین بلے بازوں مین سے ایک بابر نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا کہ ان کی ٹیم محض روایتی حریف ہندوستان کے خلاف اہم میچ پر ہی دھیان نہیں لگا رہی ہے، بلکہ پورے ورلڈکپ میں اچھا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ پی سی بی کے عہدیداروں اور سلیکشن کمیٹی میں حالیہ تبدیلی کا اثر کھلاڑیوں پر ہونے کے بارے میں پوچھنے پر بابر نے کہا کہ ان کا کام کرکٹ پر دھیان لگانا ہے۔
پاکستانی کپتان بابر نے کہا کہ ہم پی سی بی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر توجہ نہیں دیتے، ہماری توجہ صرف کرکٹ پر ہے، ہمارے سامنے آنے والے میچوں کا پورا شیڈول ہے اور ہم جانتے ہیں کہ بطور پروفیشنل کھلاڑی ہمیں یہ میچز کھیلنے ہیں اور جیتنے کے لیے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔
ہندوستان میں اکتوبر-نومبر میں ہونے والے ورلڈ کپ کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ میں صرف ہندوستان کے خلاف کھیلنے اور جیتنے کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں۔ اگر ہمیں آئی سی سی خطاب جیتنا ہے تو ہمیں ہر میچ میں اچھا کرنا ہوگا، ہم اسی کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ہم ہندوستان میں ورلڈ کپ کھیلنے جارہے ہیں، صرف ہندوستان سے کھیلنے نہیں جارہے۔ بابر نے کہا کہ کھلاڑی لگاتار سیریز کی تیاری میں مصروف ہیں۔