سرینگر// 2024بالی ووڈ کیلئے بہترین سال تصور کیا جاتا ہے ، جہاں اس صنعت نے فلم شائقین کے دل جیت لئے وہیں کئی ابھرتے ہوئے فنکاروں نے بھی نہ صرف اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا بلکہ انڈسٹری میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی جن میں امتیاز بٹ ایک ایسے اداکار ہیں جن کا تعلق کشمیر سے ہے ۔ امتیازبٹ ’پیار میں قربان‘ نامی فلم میں بھوانی کے کردار میں نظر آرہے ہیں جو 3جنوری کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔فلم میں بٹ کی جسمانی صلاحیت اور جذباتی گہرائی دونوں نظر آرہی ہیں۔انہوں نے فلم میں ولن کا کردار ادا کرکے سکرین پر اپنی موجودگی اور سنجیدہ اداکاری سے شائقین کو حیران کردیا ہے۔ان کی اداکاری کو ناقدین بہت سراہتے ہیں اور انہیں فنکاروں کی نئی نسل کیلئے ایک مثال قرار دیتے ہیں۔یہ فلم اسلئے بھی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ بالی ووڈ میں یہ پہلی بار دیکھنے کو مل رہا ہے کہ کشمیر جیسے خطے سے کوئی باپ اپنے بیٹے کے ساتھ فلم میں کام کررہا ہے ۔یہ فلم ممبئی، بھوپال اور دہلی سمیت مختلف شہروں میں سال نو کی آمد پر دیکھنے کو ملے گی۔فلم میں امتیاز بٹ کے بیٹے عبادت نے بھی ایک شاندار رول ادا کیا ہے ۔عبادت اپنی سریلی آواز اور معصومیت کے ساتھ فلم شائقین کو متاثرکررہے ہیں ۔فلم کے پروڈیوسرامتیاز بٹ اور اس کے دوست محمد تسلیم ہیں۔بالی ووڈ میں سال2024میں ایسے کئی اداکاروں نے اپنی فلمی دنیا کا آغاز کیا جن میں عامر خان کا بیٹا جنید خان،گجراتی سنیما سٹار جانکی بوڑی والا،رشبھ شوہانے ،تنانشی گوئل، لکشیا لالوانی اورلیسا مشرا بھی شامل ہیں۔عامر خان کے بیٹے جنید خان نے بالی ووڈ میں اپنا ڈبیو ’مہاراج‘ سے کیا۔اس میں انہوں نے ایک صحافی کا کردار ادا کیا ہے جو آزادی سے قبل ہندوستان میں بدعنوانی کو بے نقاب کرتا ہے۔گجراتی سنیما سٹار جانکی بوڑی والا نے’شیطان‘ میں اپنے بولڈ اور طاقتور کردار سے بالی ووڈ میں قدم رکھا ہے۔رشبھ شوہانے نے ’فائٹر‘ میں ولن کا کردار ادا کرکے ایک اچھا کام کیا ہے۔تنانشی گوئل نے ’لاپتہ لیڈیز‘ میں ایک نوجوان دلہن کا کردار ادا کیا ہے جو دیہی معاشرے میں کھوجاتی ہے۔ کرن رائو کی ہدایت کاری اور عامر خان کی پیش کردہ اس فلم میں تنانشی نے معصومیت اور ہمت کا بہترین امتزاج دکھایا ہے۔لکشیا لالوانی نے کرن جوہر کی ایکشن تھرلر فلم ’کل ‘میںشاندار ڈبیو کیا ہے۔اس فلم میں انہوں نے ایک نڈر ہیرو کا کردار ادا کیا ہے۔گلوکارہ سے اداکارہ لیسا مشرا نے اپنی ویب سیریز ’کال می بھائی‘ کے ساتھ زبردست ڈبیو کیا۔لیسا نے او ٹی ٹی پلیٹ فار م پر اپنے لئے ایک الگ شناخت بنائی ہے۔3جنوری کو ایکشن اور رومانس سے بھرپور ’پیار میں قربان‘ ریلیز ہورہی فلم کے پروڈیوسر امتیاز بٹ اور محمدتسلیم کا کہنا ہے کہ فلم شائقین کیلئے ’پیار میں قربان‘ مسحور کرنے کی ایک بہترین کوشش ثابت ہوگی۔ مشہوربالی ووڈ اداکار زبیر کے خان کی ہدایت کاری میں منظرعام پر آرہی یہ فلم محبت اور قربانی کی ایک دلکش کہانی ہے، جو شاندار پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے۔ تجربہ کار اداکار ارون بخشی نے ایک سینئر ایڈیٹر کے طور پر فلم میں مزید جان لگائی ہے ۔