دبئی،07؍جولائی -انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں کھلاڑیوں کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی ہے۔ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے تازہ ترین آئی سی سی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین کے ایل راہل چھٹے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ کوہلی کے 762 پوائنٹس ہیں اور وہ انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان (888 پوائنٹس)، آسٹریلیاکے وائٹ بال کپتان آرون فنچ (830 پوائنٹس)، پاکستان کے کپتان بابر اعظم (828 پوائنٹس) اور نیوزی لینڈ کے اوپنر ڈیون کانوے (774 پوائنٹس) سے پیچھے ہیں۔راہل 743 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں اور آسٹریلیائی آل راؤنڈر گلن میکسویل ساتویں مقام پر آگئے ہیں۔ ٹاپ 10 میں راہل اور کوہلی دو ہندوستانی بلے باز ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں گیندبازوں اور آل راؤنڈروں کی فہرست میں ٹاپ 10 فہرست میں کوئی بھی ہندوستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں کوہلی اور نائب کپتان روہت شرما پہلے پانچ میں برقرار ہیں اور بابر اعظم کے بعد بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ ٹاپ 10 میں شامل فاسٹ بولر جسپریٹ بمراچھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ آل راؤنڈروں کی فہرست میں رویندر جڈیجہ نویں نمبر پر ہیں۔انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس سری لنکا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ سیریز میں اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت کیریئر یے بہترین تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے دیگر فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی اور ٹام کرن کوبھی تازہ ترین درجہ بندی میں فائدہ ہواہے۔ ولی 13 مقام کے فائدے کے ساتھ 37 ویں اور کرن 20 مقام کے فائدے ساتھ 68 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ون ڈے میں گیندبازوںکی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 737 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بنگلہ دیش کے مہدی حسن 713 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کرس ووکس 711 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔