سرینگر//سخت سیکورٹی حصار کے بیچ جموں کے سدرا علاقے میں فوج و فورسز اور ٹرک میں سوار بھاری ہتھیاروں سے لیس جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں جیش محمد سے وابستہ چار جنگجو جاں بحق ہو گئے ۔ جموں کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں چار ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کر لیا گیا ہے ۔ اے ڈی جی پی کا کہنا ہے کہ ٹرک جس میں ملی ٹنٹ سوار تھے کا ڈرائیور فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ادھر جھڑپ کے بعد جموں خاص طور پر نگروٹہ اورا س کے پاس علاقو ں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ سی این آئی کو پولیس ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق بدھ کی اعلیٰ الصبح سیکورٹی فورسز کو ایک اطلاع موصول ہوئی تھی کہ جموں سے سرینگر کی جانب جارہی ایک ٹرک میں ملی ٹنٹ سوار ہے جس کے بعد سدرا ناکے پر ٹرک کو روکنے کا اشارہ کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹرک روکنے کے ساتھ ہی ڈرائیور موقعہ سے فرار ہو گیا جبکہ ٹرک کی جونہی تلاشی لی گئی تو اس میں موجود جنگجوئوں نے فائرنگ کی ۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز نے جوابی کارورائی کی اور طرفین کے مابین مسلح تصادم آرائی کا آغاز ہوا ۔ ذرائع کے مطابق گولیوں کی گن گرج سے پورا علاقہ لرز اٹھا جبکہ سیکورٹی فورسز نے اس علاقے جہاں جھڑپ جاری تھی کو سیل کرکے وہاں جانے والے تمام راستے بند کر دیں اور جنگجوئوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میںکچھ وقت تک جاری گولی باری کے بعد جونہی گولیوںکا تبادلہ تھم گیا تو جھڑپ کے مقام سے چار جنگجوئوں کی نعشیںبر آمد ہوئی جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ عسکری تنظیم جیش سے وابستہ تھے ۔ ۔اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سدرا علاقے میں مسلح تصادم آرائی میں چار ملی ٹنٹ مارے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مارے گئے ملی ٹنٹ سے بھاری مقدار میں ہتھیار جن میں 7 اے کے 47 رائفلیں، امریکی ساخت ایم 4رائفل ، اور تین پستوں کے علاوہ دیگر کچھ اسلحہ و گولہ باردو بر آمد کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ مہلوک جنگجو فدائین حملہ آور تھے۔ اے ڈی جی پی کا کہنا ہے کہ ٹرک جس میں ملی ٹنٹ سوار تھے کا ڈرائیور فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک ملی ٹنٹ کی شناخت کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے ۔