سرینگر//برفباری اور بارشوں کے بعد وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میںبہتری دیکھی گئی تاہم مشہور سیاحتی مرکز پہلگام اور گلمرگ میں منفی 9اور منفی 8ڈگری کے ساتھ رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ درج کی گئی ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 7جنوری تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر ، جموں اور لداخ میں چلہ کلان کی شدید ٹھنڈ جاری ہے ۔ کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی شدید سردی کی لہر کے چلتے لوگوں کو سخت ترین مشکلات کا سامنا ہے ۔ برفباری کے بعد گلمرگ اور پہلگام کو چھوڑ کر واد ی کے دیگر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں غیر معمولی بہتری دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام اور گلمرگ میں روا ں موسم کی سر د ترین رات درج ہوئی جس دوران شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی 9.0 اور منفی 8ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 4.9 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔انہوں نے کہا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ عہدیدار نے بتایا کہ گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کپواڑہ میں گزشتہ رات کو پارہ منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہاجبکہ اسی طرح سے جموں میں گزشتہ رات 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کے لیہہ اور کرگل میں بالترتیب منفی 13.6ڈگری اور 10.2 ڈگری سیلشس درج ہوا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 7جنوری تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی ہے ۔