سرینگر ///محکمہ موسمیات نے نیا موسمی کلینڈر جاری کرتے ہوئے آئندہ کچھ دنوں تک کشمیر اور لداخ میں سردیوں میں اضافہ کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 7جنوری سے 14جنوری تک دو مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہو رہی ہے جس دوران بارشیں اور برفباری ہونگی ۔ سی این آئی کے مطابق محکمہ موسمیات کے نائب ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ لداخ میں آئندہ ایک دو دنوں میں ٹھنڈ میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ 7جنوری تک مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 7جنوری شام تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے اور 7جنوری کی شام سے موسم ابر االود ہوگا جس کے بعد 8اور 9جنوری کو میدانی علاقوں میں ہلکی جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ زوجیلا اور سادھنا پاس پر 8سے 9انچ کی برفباری ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد 11جنوری کے دوپہر تک موسم ابر آلود رہے گا جس کے بعد 11اور 12جنوری کو پھر سے برفباری اور بارشیں ہو سکتی ہے ۔ مختار احمد نے کہا کہ مجموعی طور پر موسم 14جنوری تک خراب رہے گا جس دوران رات کے درجہ حرارت میں بہتری ہو سکتی ہے اور لوگوں کو کچھ حد تک راحت مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 7جنوری تک ٹھنڈ میں اضافہ ہو سکتا ہے تاہم اس کے بعد کچھ بہتری ہو گی ۔