جموں //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگلوار کو سول سیکرٹریٹ میں ’’ ایل جی ملاقات گریوینس ہیرنگ ‘‘ کے دوران شہریوں سے بات چیت کی جنہوں نے جے کے آئی جی آر اے ایم ایس پر اپنی شکایات درج کی تھیں ۔ عوامی سماعت کے دوران متعدد معاملات کو موقع پر ہی نمٹا ئے گئے جس پر درخواست دہندگان نے لیفٹیننٹ گورنر کاشکریہ اَدا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ عام شہریوں کے مفادات کا تحفظ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’ جے کے جی آر اے ایم ایس شکایات کا طریقہ کار خدمات کے معیار کے بارے میں تاثرات اور لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے نظام میں شفافیت ، دیانتداری اور جوابدہی کو مضبوط بنانے سمیت متعدد مقاصد کی تکمیل کر رہا ہے ‘‘ ۔ اکھنور سے تعلق رکھنے والے سنجے شرما کی جانب سے اپنے علاقے میں ٹیوب ویل کے کام نہ کرنے کے حوالے سے درج کی گئی ایک شکایت پرضلع ترقیاتی کمشنر جموں نے بتایا کہ اس ٹیوب ویل کو تین دِن کے اَندار اندر نئے ٹیوب ویل سے تبدیل کیا جائے گا۔ ایک اور شکایت میں ایک درخواست دہندہ نے اَفسران سے درخواست کی تھی کہ وہ وجے پور کے گاؤں بگونہ میں ایک قدیم مندر تک سڑک رابطہ فراہم کریں ۔لیفٹیننٹ گورنرنے ڈپٹی کمشنر سانبہ کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی ۔ پی ایم ای جی پی اسکیم کے تحت واجب الادا سبسڈی جاری کرنے سے متعلق شکایت پر جے اینڈ کے بینک کے چیئر مین نے بتایا کہ اس مسئلے کو 15 دنوں کے اندر حل کر لیا جائے گا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ سبسڈی کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر پراسیس کریں تا کہ کسی بھی بیک لاگ کو ختم کیا جا سکے ۔ جگانو اودھمپور میں پانی کی فراہمی کے مسئلہ پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس معاملے کو جلد ہی حل کر لیا جائے گا کیونکہ متعلقہ اسکیم کے تحت کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈپٹی کمشنر کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ پیشگی انتظامات کریں تا کہ آنے والے موسم گرما میں لوگوں کو پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ پونچھ کے ایک درخواست دہندہ کی طرف سے میریج اسسٹنس سکیم کے تحت مالی امداد میں تاخیر کے بارے میں درج کرائی گئی شکایت میںلیفٹیننٹ گورنرنے ڈپٹی کمشنر پونچھ کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے کے انکوائری کریں اور 15 دنوں کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کریں ۔ گورنمنٹ کے احاطے میں تجاوزات کے حوالے سے میر ارشاد حسین کی جانب سے دائر کی گئی ایک اور شکایت میں اننت ناگ میں مڈل اسکول حاجی پورہ ضلع انتظامیہ کو اسکول کی زمین سے تجاوزات ہٹانے اور ریونیو ریکارڈ کے مطابق بحال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ۔ کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے وسیم اشرف نے پانی کی فراہمی کیلئے پائپوں کی فراہمی کے سلسلے میں جے کے جی آر اے ایم ایس کے ذریعے مسئلے کے فوری حل کیلئے ایل جی کی قیادت والی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ ایڈیشنل سیکرٹری عوامی شکایات سیل جے اینڈ کے محترمہ نریندر کور نے ایل جی ملاقات کی کارروائی اَنجام دی۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، سیکریٹریز ، ڈویژنل کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، ایس ایس پیز ، ایچ او ڈیز اور دیگر سینئر افسران ذاتی طور پر اور عملی طور پر بات چیت کے دوران موجود تھے ۔