مانیٹرنگ//
سری نگر،3 مارچ//سی آر پی ایف (آپریشنز) کشمیر کے انسپکٹر جنرل ایم ایس بھاٹیہ کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز وادی بھر میں رہائش پذیر کشمیری پنڈتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ان کی سیکورٹی کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے لئے سیکورٹی کا پختہ بندوبست کیا جا رہا ہے اور ہر حال میں ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا ئے گا۔
موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار جمعے کو جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’کشمیر میں جہاں بھی پنڈت لوگ رہائش پذیر ہیں ہم ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ان کو بھر پور سیکورٹی کور فراہم کرنے اور ان کی سیکورٹی کو مزید بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں موجود پنڈتوں کی سیکورٹی کا روزانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے لئے سیکورٹی کا پختہ بندوبست کیا جا رہا ہے اور ہر حال میں ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا ئے گا۔
کشمیر میں موجود جنگجوؤں کی تعداد کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر بھاٹیہ کہنا تھا: ’جنگجوؤں کی تعداد بڑھتی اور گھٹتی رہتی ہے لہذا یہ کہنا مشکل ہے کہ ان کی صحیح تعداد کتنی ہے‘۔انہوں نے کہا: ‘جنوبی کشمیر میں حال ہی میں دو جنگجو مارے گئے اور جنگجوؤں کے خلاف آپریشنز مربوط انداز میں جاری ہیں‘۔