مانیٹرنگ//
جموں۔ 13؍ مارچ: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں ہونے والی انتظامی کونسل (اے سی) نے ڈیوٹی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سینٹرل آرمڈ نیم فوجی دستوں (سی اے پی ایف) کے اہلکاروں کے رشتہ داروں کو ایکس گریشیا ریلیف میں اضافہ کرنے کی منظوری دی۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری موجود تھے۔ فیصلے کے مطابق جموں و کشمیر کے سی اے پی ایف اہلکار جو جموں و کشمیر کے علاقائی دائرہ اختیار کے اندر یا باہر ڈیوٹی کے دوران جام شہادت نوش کرتے ہیں، انہیں دفاعی اہلکاروں کے شہیدوں کو فراہم کی جانے والی ایکس گریشیا ریلیف ملے گی۔ یہ فیصلہ یو ٹی انتظامیہ کے سیکورٹی فورسز کےلواحقین کی حمایت کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے جو قوم کی خدمت میں سب سے بڑی قربانی دیتے ہیں۔ فیصلے کے مطابق، شہید اہلکاروں کے لواحقین کو اب 25 لاکھ روپے ایکس گریشیا ریلیف کے طور پر ملیں گے، جو کہ گزشتہ 5 لاکھ روپے کی رقم سے کافی اضافہ ہے۔