مانیٹرنگ//
سری نگر، 19 اپریل:سری نگر کے زبروان پہاڑیوں کے دامن میں واقع ایشا کے سب سے بڑے ٹیو لپ گارڈن(باغ گل لالہ) میں سیاحوں کا سیلاب تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے نتیجے میں ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور گذشتہ ایک ماہ کے دوران زائد از ساڑھے تین لاکھ سیاح اس باغ کی رعنائیوں سے لطف اندوز ہوئے ہیں بتادیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 19 مارچ کو یہ باغ سیاحوں کے لئے کھول دیا تھا۔ٹولپ گارڈ کے فلوری کلچر افسر شائق رسول نے یو این آئی کو بتایا کہ منگل کے روز زائد از 8 ہزار سیاحوں کی باغ گل لالہ کی سیر کے ساتھ ہی سال گذشتہ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔انہوں نے کہا: ‘سال گذشتہ 3.60 لاکھ سیاحوں نے باغ گل لالہ کی سیر کی تھی منگل کے روز 8 ہزار94 سیاحوں، جن میں 7 ہزار9 سو2 ملکی، 116 غیر ملکی اور 71 مقامی سیاح شامل تھے، کی باغ گل لالہ کی سیر کے ساتھ امسال اب تک 3 لاکھ65 ہزار6 سو24 سیاحوں نے اس باغ کی سیر کی۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران 22 مارچ کو سب سے زیادہ 35 ہزار 1 سو 6 سیاح، جن میں 12 ہزار2 سو 4 ملکی، 76 غیر ملکی اور22 ہزار 8 سو26 مقامی سیاح شامل تھی، ٹلپ گارڈن کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 2 اپریل کو سب سے زیادہ 23 ہزار2 سو 12 سیاح جن میں 21 ہزار3 سو40 ملکی 68 غیر ملکی اور1 ہزار 8 سو 4 مقامی سیاح شامل تھے، نے باغ گل لالہ کی سیر کی۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں وکشمیر کی خوبصورتی کے متعلق 24 مارچ کو کئے گئے ٹویٹس سے ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کی سیر کے لئے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ درج ہونے لگا۔اس باغ میں امسال 68 سے زیادہ اقسام کے 16 لاکھ گل لکالہ گائے گئے ہیں اور اس کے علاوہ باغ کی رونق میں مزید چار چاند لگانے کے لئے فواروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔باغ میں جسمانی طور ناخیز افراد اور عمر رسیدہ افراد کے چلنے پھرنے کے لئے مفت ویل چیئر سروس کا بندو بست رکھا گیا ہے۔30 ہیکٹر رقبے پر پھیلے باغ گل لالہ سے جموں و کشمیر کا سیاحتی شعبہ مزید مستحکم ہوا ہے۔