ترقیاتی سرگرمیوں اور ماحولیاتی تحفظ کو ہم آہنگ کیا جائے: لیفٹیننٹ گورنر
کشمیر انفو//
جموں/26؍اپریل2023ء: لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بدھوار کو یہاںکنونشن سینٹر میں ’’ اِنڈیا @ جی۔ 20‘‘کی قومی کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس کا اِنعقاد آئی آئی ایم جموں ، آئی آئی ٹی جموں ،ایمز(اے آئی آئی ایم ایس) جموں نے دلت اِنڈین چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری( ڈی آئی سی سی آئی) کے اشتراک سے کیا تھا تاکہ ایک جامع اور دیر پا معاشرے کی تشکیل کے لئے ترجیحات ،اِمکانات اور آگے بڑھنے کے راستے پر غور و خوض کیا جاسکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ اِنسانیت کی خواہشات اَمن کی حالت میں ہی پور ی ہوسکتی ہیںاور مجھے یقین ہے ’’اہنسا‘‘ ہماری عظیم تہذیب میں گہری جڑی رکھتی ہے جو دُنیا کو تنازعات کی بے فائدگی اور بات چیت کی افادیت کا احساس دِلارہی ہے۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ اِنڈیا کی جی ۔20صدارت کے دوران سبز ، تیز ، رفتار ، جامع اور دیر پا ترقی اوّلین ترجیحات ہیں اور دُنیا کووِد ، کلائمیٹ چینج اور تنازعات کے چیلنجوں سے نمٹنے کی اُمید سے ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ وزیر اعظم نریندر مودی جی نے دُنیا کو ایک نیا نظریۂ دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ صرف کانفرنس کی میزوں سے نہیں کیا جاسکتا بلکہ اِس کا مقابلہ ہر گھر میں کھانے کی میزوں سے کرنا ہوگا ۔یہ دیرپا اور جامع ترقی کی راہ کو بہتر کرے گا۔‘‘اُنہوں نے عالمی خوشحالی اور سب کے لئے بہتر معیار ِ زندگی کو یقینی بنانے کے لئے ترقیاتی سرگرمیوں اور ماحولیات کے تحفظ کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ معاشی تحفظ کا باعث بنے گا اور ہمارے سماجی ترقی کے اقدامات کو تقویت بخشے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’اِنڈیا آب و ہوا کے مستقبل کے لئے سب سے اہم اور تعمیری کردار ادا کرے گا اور تخفیف، موافقت اور ماحولیاتی انتظام کے نظام کے لئے ایکشن پلان کو تشکیل دے گا۔ اِنڈیاماحولیاتی طور پر دیرپاترقی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے دُنیا کی رہنمائی کرے گا۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں اِنڈیا نے دُنیا کو مساوی ترقی کے لئے ایک نیا سماجی ماڈل دیا ہے ۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اتمانربھر بھارت ، میک اِنڈیا اور ڈیجیٹل اِنڈیا نے تیز رفتار اور دیر پا ترقی کے لئے ایک مضبوط فریم ورک فراہم کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِنسانیت کو مستقبل کے حل فراہم کرنے کے لئے آئی آئی ایم، آئی آئی ٹی اور اے آئی آئی ایم ایس جیسے اہم اِداروں اور نوجوانوں کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔
اُنہوں نے ڈیجیٹل طورپر بااِختیار معاشرے، علم پر مبنی معیشت کے لئے بہترین طریقوں کے تبادلے اور ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر مزید زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ جی۔20 دُنیا کی 60فیصد آبادی کی نمائندگی کرتا ہے ، عالمی جی ڈی پی کا 85فیصد اور عالمی تجارت کا 75 فیصد حصہ ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہندوستان کی جی۔20 صدارت عالمی تعلقات کو نئی تحریک دے گی اور ’’ ایک زمین ، ایک کنبہ اور ایک مستقبل ‘‘ کے جذبے کو مضبوط کرے گی۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے بھی اَپنے خیالات کا اِظہار کیا اور اِنڈیا کے جی۔20 اہداف کو پورا کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔اِس موقع پر چیئرمین بی او جی، آئی آئی ایم جموں ڈاکٹر ملندر کامبلے ، چیئرمیں بی او جی آئی آئی ٹی جموں ڈاکٹر شرد صراف ، صدر ایمز جموں پروفیسر وائی کے گپتا ، ڈائریکٹر آئی آئی ایم جموں پروفیسر بی ایس سہائے، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایمز جموں پروفیسر شکتی گپتا ، ڈائریکٹر آئی آئی ٹی جموں پروفیسر منوج سنگھ گوڈ کے علاوہ ملک بھر سے آئے مندوبین ، معزز شہری اور طلباء موجود تھے۔