سری نگر:۱۸،مئی:شہر سری نگرمیں رواں ماہ کی22سے24تاریخ تک منعقد ہونے والے جی 20ٹورازم ورکنگ گروپ کے اجلاس کے پیش نظر جموں و کشمیر پولیس ہائی الرٹ ہے۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر میں جی20 میٹنگ سے قبل، سٹی پولیس نے اس بین الااقوامی تقریب کو آسانی سے منعقد کرنے کو یقینی بنانے کیلئے تمام حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے ایک انٹرویو میں کہاکہ وادی کشمیر میں تین سطحی (تھری ٹائر)سیکورٹی سیٹ اپ کا انتظام کیا گیا ہے۔ جمعرات کو سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ جی 20اجلاس کے پیش نظر سری نگرسمیت پورے کشمیرمیں تین سطحی سیکورٹی ہوگی اور اس کیلئے نیشنل سیکورٹی گارڈسNSG اور فوج سے مدد لی جائے گی۔ اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار نے مزید کہا کہ ہم نے سیکورٹی کے تمام انتظامات کر لئے ہیں۔ تین درجے سیکورٹی ہوگی۔ ڈرون مخالف آلات نصب کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اس کے لیے این ایس جی اور فوج کی مدد لے رہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے کہاکہ آبی ذخائر بالخصوص جھیل ڈل کی حفاظت کیلئے ہم مارکوس کو تعینات کریں گے،اور پولیس ٹیم بھی وہاں ہوگی۔اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ ہم میٹنگ کو آسانی سے اور کامیابی سے انجام دیں گے۔