سری نگر :جموں و کشمیر حکومت نے روزانہ ایک لاکھ کوویڈ ویکسین خوراکیں دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ فیصلہ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی زیر صدارت ہفتہ وار اجلاسوں کے دوران لیا گیا تاکہ جموں و کشمیر میں کوویڈ منظر نامے کا جائزہ لیا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈپٹی کمشنروں اور محکمہ صحت سے کہا کہ وہ مقررہ ہدف کو پورا کرنے کیلئے ویکسین کے موجودہ دستیاب اسٹاک کو مؤثر طریقے سے استعمال کریں۔ انہوں نے تمام اضلاع میں ویکسین کا وافراسٹاک برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔جے کے این ایس کے مطابق جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنروں اور اور ایس پیز کیساتھ ملاقات کے دوران ، لیفٹنٹ گورنر نے پولیس اور سول انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم کو کوویڈ پروٹوکول کو سختی سے نافذ کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انتظامی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے سرکاری عہدیداروں کو بتایا کہ مثبت کیسوں میں اضافے کی اطلاع دینے والے علاقوں پر خصوصی توجہ کیساتھ پورے مرکزی زیرانتظام علاقہ جموں وکشمیر میں جارحانہ ویکسی نیشن اور ٹیسٹ کروائیں۔انہوںنے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کو ناموافق علاقوں میں گہری جانچ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ لیفٹنٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ گھروں میں آئسولیشن یا علاج کیلئے مثبت کیسوں کا جلد سے جلد پتہ لگانا ضروری ہے ، اس کے علاوہ کنٹینمنٹ زونز کی موثر حد بندی کی جانی چاہیے۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے ڈویژنل کمشنروں اورڈپٹی کمشنروںکو ہدایت کی کہ وہ خصوصی مہم کے ذریعے کالج ، یونیورسٹی کے طلباء اور خاص طور پر قابل افراد کی ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں۔منوج سنہا نے مستقبل کی صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام سے کہا کہ وہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کریں تاکہ پیڈیاٹرک کیئر یونٹس پر توجہ مرکوز کی جا سکے ، اس کے علاوہ یو ٹی کے اسپتالوں میں انسانی وسائل کو متحرک کیا جائے۔