صوبائی کمشنر، آئی جی پی کشمیر کا دورہ، انتظامات کا لیا جائزہ
سری نگر//جموںو کشمیرحکومت شہر سرینگر کے نوہٹہ کے اولڈ سٹی ایریا میں واقع تاریخی جامع مسجد کو نماز کے لیے دوبارہ کھولنے پر غور کر رہی ہے۔اس دوران آئی جی پی کشمیر وجے کمار اور صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے پیر کے روز جامع مسجد کا دورہ کیا ہے ۔جامع مسجد سرینگر گزشتہ قریب30ہفتوں سے نماز کے لئے بند کر دی گئی تھی۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق مسجد کو مسلسل 30 ہفتوں تک لازمی باجماعت نمازوں کے لیے بند رکھا گیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی)وجے کمار نے بتایا کہ حکومت آئندہ ہفتے تاریخی جامع مسجد کو دوبارہ کھولنے پر غور کر رہی ہے۔دریں اثنا، آئی جی پی کشمیر اور ڈویڑنل کمشنر، کشمیر نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آج تاریخی مسجد کا دورہ کیا۔ دونوں نے اس سلسلے میں امام جامعہ اور سیکرٹری اوقاف جامع مسجد سے ملاقات بھی کی۔واضح رہے کہ کوویڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے مسجد کو لازمی نماز کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ جامع مسجد کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق بدستور بند ہیں جو تاریخی مسجد کے منبر پر جمعہ کا خطبہ دیتے ہیں۔اس دوران آئی جی پی نے یہاں دورے کے کچھ تصاویر کو سوشل میڈیا پر بھی اپلوڈ کیا ہے جو انہوں نے مسجد کے اندر اور باہر کھینچے تھے ۔جبکہ مسجد کو دوبارہ نمازیوں کے لئے کھولنے پر عوام حلقوں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے ۔