سرینگر:وادی کشمیر میں شہری اور سیکورٹی فورسز کی تازہ ہلاکتوں کے بعد پیدا شدہ صورتحال اور ماہ جون کے آخر سے شروع ہونی والی سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے حفاظتی انتظامات کی ایک نئی پہل کے تحت مرکز نے جموں کشمیر میں 15ہزار اضافی سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں کشمیری پنڈتو ں کی ہلاکت اور آنے والے امرناتھ یاترا کیلئے سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر جموں کشمیر میں سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے کیلئے وزارت داخلہ نے جموں کشمیر میں 15ہزار مزید سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کو ہری جھنڈی دی ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یہ فیصلہ گزشتہ دنوں وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میںہوئی سیکورٹی میٹنگ کے بعد لیا گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران سیکورٹی فورسز اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ مضبوط نسداد عسکریت پسندی آپریشنوں کیلئے کارروائی تیز کر دیں جبکہ ساتھ ہی جموں کشمیر سے عسکریت کے مکمل خاتمہ کیلئے کوششیں تیز کر دی جائے ۔ ذرائع کے مطابق تعینات کیے جانے والے 15ہزار اہلکاروں میں سی آر پی ایف اور ایس ایس بی فورسز شامل ہوں گے اور یہ اہلکار امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کے لیے تعینات کیے جانے والے اہلکاروں سے مستثنیٰ ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ اقلیتوں کی حالیہ ہلاکتوں نے ان میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اس لئے ضروری تھا کہ سب کو فول پروف سیکورٹی شیلڈ فراہم کیا جائے اور انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں کو تیزی سے شروع کیا جائے۔معلوم ہوا ہے کہ مزید سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کو ہری جھنڈی ملنے کے بعد آئندہ کچھ دنوں میں سیکورٹی فورسزکی اضافی نفری وارد کشمیر ہونی شروع ہو جائے گی ۔