سری نگر، یکم نومبر :محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 2 سے4 نومبر تک موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے تاہم اس کے زیادہ چانسز نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 5 سے8 نومبر تک بھی موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اس دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ترجمان نے کہا کہ تاہم وادی میں اس ہفتے کے دوران بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ خراب موسمی حالات سے زوجیلا پاس، سادھنہ ٹاپ اور مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران1.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ گلمرگ میں 0.8 ملی میٹر، پہلگام میں0.5 ملی میٹر، اور کپوارہ میں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
دریں اثا وادی میں گلمرگ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیارہ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جو معمول سے1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت6.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے6.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے5.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔