کارڈف، 9 جولائی: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں شکست کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اچھی کارکردگی نہیں رہی، پارٹنر شپ نہیں چلی، ہم نے جلدی وکٹیں گنوادیں۔میچ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج اچھی کارکردگی نہیں رہی، پارٹنر شپ نہیں لگی، ہم نے جلدی وکٹیں گنوائیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے ون ڈے میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، انگلش بولر نے جلد وکٹیں لیں اور اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان نے اچھی بیٹنگ کی، وکٹیں جلد گرنے سے مڈل آرڈر بیٹسمینوں پر پریشر آیا۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیم صرف مجھ پر ہی انحصار نہیں کرتی، شکست ٹیم کے لیے بڑا دھچکا نہیں ہے، کھلاڑیوں پر پورا اعتماد ہے۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی۔قومی ٹیم 141 رنز پر ڈھیر ہوئی، انگلش ٹیم نے مطلوبہ 142 رنز کا ہدف 22ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، ڈیوڈ ملان اور زیک کرولی نے ناقابل شکست نصف سنچریاں اسکور کیں، ثاقب محمود کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ (یو این آئی)