لندن ، جولائی: دنیا کی نمبر ایک خاتون کھلاڑی آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے جرمنی کی اینجلک کیربر کو جمعرات کو مسلسل سیٹوں میں شکست دے کر پہلی مرتبہ اس سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ، جہاں ان کا مقابلہ آٹھوین سیڈ چیک جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا سے ہو گا جو دوسری سیڈ بیلاروس کی آرینا سبالینکا کو تین سیٹوں سے ہرا کر پہلی بار فائنل میں پہنچ گئی ہیں ۔ بارٹی اور پلسکووا کی ٹکر سے ومبلڈن کو خواتین زمرے میں نئی چیمپیئن ملے گی ۔بارٹی نے آج پہلے سیمی فائنل میں کیربر کو میں ایک گھنٹے 27 منٹ میں 6-3، 7-6 سے شکست دی۔ بارٹی نے پہلا سیٹ آسانی سے جیت لیا۔ تاہم دوسرے سیٹ میں 3-5 سے پیچھے رہتے ہوئے ، انہوں نے نویں گیم میں ایک اہم وقفہ حاصل کیا اور 10 ویں گیم میں اپنی سروس کو جاری رکھتے ہوئے اسکور کو 5-5 سے برابر کردیا ۔ میچ میں بار پھر 6-6 کی برابری ہونے سے سیٹ ٹائی بریک میں چلا گیا ۔ٹائی بریک میں بارٹی نے جلد ہی 6-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ۔ تاہم کیربر نے لگاتار تین پوائنٹس کے ساتھ واپسی کرنے کی کوشش کی لیکن بارٹی نے ساتواں پوئنٹ لے کر ٹائی بریک کو 7-3 سے ختم کرکے میچ کا فیصلہ کر دیا اور فائنل میں پہنچ گئیں ۔ اس سے قبل انہوں ںے 2019 میں فرانسیسی اوپن کا خطاب جیتا تھا اور 2020 میں آسٹریلیائی اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی تھی۔(یو این آئی)