گلمرگ// معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں آج ریلی گیئر انٹرپرائزز لمیٹیڈکے تعاون سے منعقدہ دوسری قومی کرلنگ(Curliung)چمپئن شپ 2022-23کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ چمپئن شپ کے دوران بھارت کی15ریاستوں سے تعلق رکھنے والے300سے زائدکھلاڑیوں نے سب جونیئر،جونیئر اور سینئر زمروں کے تحت ایک دوسرے کے ساتھ کڑا مقابلہ کیا۔ریاست اترا کھنڈ نے دوسری قومی کرلنگ چمپئن شپ میں سینئر زمرے کے تحت سونے کا تمغہ حاصل کرکے میدان مار لیا جبکہ جموں کشمیر اور آندھرا پردیش نے بالترتیب چاندی اور کانسی کا تمغہ جیت لیا۔جونیئر اور سب جونیئر زمروں میں جموں کشمیر کے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کے تمغے اپنی جھولی میں ڈالے جبکہ ان زمروں میں ہریانہ اور آندھرا پردیش کے کھلاڑیوں نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کئے۔جموں کشمیر کرلنگ ایسو سی ایشننے کرلنگ فیڈریشن آف انڈیا(FCI)کی نگرانی میں اورجموں کشمیر سپورٹس کونسل کے تعاون سے اس ٹورنامنٹ کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا۔ریلی گیئر (Religare)انٹر پرائزز لمیٹیڈ کی ایگزیکٹیو چیرپرسن اور کرلنگ فیڈریشن آف انڈیا(CFI)کی صدر ڈاکٹر رشمی سلوجا نے ٹورنامنٹ کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’’دوسری قومی کرلنگ چمپئن شپ بھارت میں کرلنگ کے ٹیلنٹ کا شاندار مظاہرہ ہے ، یہگزشتہ برس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقادکا تسلسل ہے ، کھلاڑیوں اور شائقین کے جوش و خروش سے مجھے انتہائی مسرت ہوئی ہے ، مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں کرلنگ کا کھیل بھارت میں زیادہ سے زیادہ مقبول ہوگا، ریلی گیئر اس کھیل کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ بھارت میںکھیلوں میں اور اونچامقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے، ہم اس شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے انڈین اولمپک ایسو سی ایشن کے تعاون کے مشکور ہیں‘‘۔پدم شری یافتہ بھارتی پہلوان و اولمپئن اور انڈین اولمپک ایسو سی ایشن کے ایگزیکٹیو ممبر یوگیشور دت کا کہنا تھا’’یہاں صلاحیتوں کی سطح دیکھ کر مجھے بہت خوشی اور حیرانگی ہوئی ہے ، کھلاڑیوں نے جس طرح اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے، اس نے مجھے اس بات پر قائل کیا ہے کہ بھارت آنے والے دنوں میں اس کھیل میں بہت سارے سنگ میل طے کرے گا، بہت جلد ہم سرمائی اولمپک میں پوڈیم تک پہنچنے کا سفرکا مشاہدہ کریں گے ، مجھے یقین ہے کہ ریلی گیئر گروپ بھارت میں اس کھیل کوفروغ دینے اوراسے اور زیادہ مقبول بنانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا، مجھے امید ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے مزید مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔