لاہور:پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے خود کو منوانے والے ملتان سلطان کے فاسٹ بائولر شاہنواز دھانی نے اپنے ٹیلنٹ سے دنیائے کرکٹ کو اپنا گرویدہ بنایا وہیں اب اُن کے چھوٹے بھائی نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو بے حد مُتاثر کیا ہے ۔ 44 سالہ شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہنواز دھانی کے چھوٹے بھائی نیٹ میں عمدہ بولنگ کررہے ہیں۔سابق کپتان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’واقعی! میں اس نوجوان فاسٹ بالرسے بہت متاثر ہوا ہوں جو کہ شاہنواز دھانی کا بھائی ہے، شاہنواز دھانی کی فیملی میں عمدہ بولنگ کرنے کا ٹیلنٹ موجود ہے، اندرون سندھ میں کرکٹ کا حقیقی ہنر ہے اور اب کھلاڑیوں کو کرکٹ کے لیے کراچی کا رُخ کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہے، ہمیں سندھ بھر میں نوجوان کرکٹرز کے لیے معیاری سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے‘۔شاہنواز دھانی نے اپنے ٹویٹ میں بھائی مخمور دھانی کے لیے ٹائم نکالنے پر شاہد آفریدی کا شکریہ ادا کیا ۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی، شاہنواز دھانی ٹورنامنٹ میں 20 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ شکار کرنے والے بائولر رہے تھے۔