نارتھمپٹن: ٹاپ آرڈر کی بلے باز نتالی شیور (55) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کی ویمنس کرکٹ ٹیم نے ہندوستان کو بارش سے متاثرہ مقابلے میں ڈکورتھ لوئس ضابطے کے تحت ہفتے کے روز 18 رن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت قائم کر لی۔ انگلینڈ کی طرف سے شیور نے محض 27 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رن بنائے ۔ وکٹ کیپر ایمی ایلین جونس نے 27 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رن کا حصہ ادا کیا ۔ انگلینڈ نے 20 اوور میں سات وکٹ پر 177 رن کا اسکور کیا۔ہندوستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 8.4 اوور میں تین وکٹ پر 54 رن بنائے تھے کہ دوبارہ بارش ہونے کے سبب کھیل ممکن نہیں ہو پایا۔ انگلینڈ اس وقت 18 رن سے آگے تھا اور پھر اسی اسکور پر اسے فاتح قرار دیا گیا۔ سمرتی مندھنا 17 گیندوں میں چھ چوکوں کے ساتھ 29 رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ نوجوان اوپنر شیفالی ورما کا کھاتہ نہیں کھلا۔ کپتان ہرمنپریت کور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ ہرلین دیول 17 اور دیپتی شرما چار رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھیں۔ شیور کو پلیئر آف دی میچ کا انعام ملا۔