لندن 12 جولائی (یواین آئی) چارمرتبہ کی عالمی فاتح فٹ بال ٹیم اٹلی نے یہاں اتوارکو ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں میزبان انگلینڈ کوپنالٹی شوٹ آوٹ میں 2-3 سے شکست دے کر دوسری بار یوای ایف اے یورو 2020 کاخطاب جیت لیا اس جیت سے اٹلی نے انگلینڈ کے 55 سال کا کسی بڑے خطاب کا خواب پورانہیں ہونے دیا۔ انگلینڈ نے اس سے قبل 1966 میں واحد عالمی کپ فٹ بال خطاب جیتا تھا۔اٹلی نے اس سے پہلے 1968 میں پہلی بار یورو خطاب جیتا تھا۔ اتنا ہی نہیں وہ 2000 اور2012 میں فائنل میں بھی پہنچاتھا، لیکن اسے باترتیب فرانس اوراسپین سے شکست ملی تھی۔ انگلینڈ اوراٹلی کے درمیان زبردست فائنل ہوا۔ میچ کی شروعات ہوئی تھی کہ انگلینڈ کے لیفٹ بیک لک شا نے دوسرے ہی منٹ میں گول مارکر ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی، جویورو فائنل میں اب تک کا سب سے کم وقت میں کیا گیا گول ہے۔اس کے بعد جہاں اٹلی کے کھلاڑیوں نے اسکورکوبرابری پر لانے تو وہیں انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے برتری کو قائم رکھنے اوراسے بڑھانے کے لئے ہرممکن کوشش کی، حالانکہ دونوں ٹیمیں پہلے ہاف میں مزید گول نہیں کرپائیں، جس کے ساتھ پہلا ہاف 0-1 کے اسکور پرختم ہوا۔اس فائنل سے قبل 33 میچوں میں فاتح رہی اٹلی کی ٹیم آہستہ آہستہ میچ میں واپسی کی اوردوسرے ہاف میں اثر دکھانا شروع کیا، جس کا نتیجہ 67 ویں منٹ میں گول کی شکل میں آیا، جب اٹلی کے نائب کپتان اورسنٹر بیک لیونارڈو بونوچی نے ہیڈر کوانگلینڈ کے گول پوسٹ میں ڈال کر ٹیم کی 1-1 سے برابری کرائی۔