مانیٹرنگ//
سری نگر، 4 اپریل:وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ مرمتی کام کے پیش نظر 7 اپریل یعنی جمعہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہے گی۔
ایس ایس پی ٹریفک پولیس رام بن موہتہ شرما کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق قومی شاہراہ 7 اپریل کی صبح 6 بجے سے 8 اپریل کی صبح 6 بجے تک ضروری مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہے گی۔
بیان میں کہا گیا: ‘جموں وکشمیر یونین ٹریٹری حکومت سے 31 مارچ 2023 کو موصولہ ہدایات کی بنیاد پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے قومی شاہراہ ضروری مرمتی کام کے پیش نظر 7 اپریل کو ناشری ٹنل سے نو یوگا ٹنل کے درمیان ٹریفک کے لئے بند رہے گی’۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران7 اپریل کی صبح سے 8 اپریل کی صبح تک میڈیکل ایمرجنسی گاڑیوں کو چھوڑ کر کسی بھی چھوٹی یا بڑی کو گاڑی کو ناشری ٹنل سے نویوگا ٹنل کے درمیان چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔