سینٹ لوشیا// ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 14000 رنز مکمل کیے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹونٹی ٹونٹی میں نصف سنچری بھی سکور کی۔ 41 سالہ کرس گیل کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں حقیقی لیجنڈ ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں کرس گیل ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 14،000 رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔گیل نے سیریز کے پہلے دو میچز میں ویسٹ انڈیز کے لئے بالترتیب 4 اور 13 رنز بنائے تھے جس کے بعد ان کی سلیکشن پر سوالیہ نشان لگنے لگے تھے۔ جارح مزاج بلے بازنے ایڈم زامپا کو چھکا لگا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔وہ ریلی میرڈیتھ کے ہاتھوں 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس فہرست میں گیل کے بعد ان کے ہم وطن کیرون پولارڈ ہیں جنہوں نے اس فارمیٹ میں اب تک 10836 رنز بنائے ہیں۔پاکستان کے شعیب ملک 425 میچوں میں 10741 رنز کے ساتھ پولارڈ سے زیادہ پیچھے نہیں ہیں۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر (304 میچوں میں 10017 رنز) اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی (310 میچوں میں 9992 رنز) ٹاپ فائیو بلے بازوں کو شامل ہیں ۔ میچ سے قبل کرس گیل نے 430 میچوں میں 37.55 رن کی اوسط سے 13،971 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے اب 22 سنچریاں اور 86 نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔گیل نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے کے ساتھ ساتھ ایک ہزار چھکے بھی لگائے ہیں۔ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں کرس گیل کا سب سے زیادہ سکور 2013ء کے آئی پی ایل سیزن میں پونے واریئرز کے خلاف ناقابل شکست 175 رنز ہے جو انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے کھیلتے ہوئے بنایا تھا۔ کرس گیل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں ونڈیز کے لئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔