واشنگٹن،افغانستان میں امریکی سنٹرل کمانڈ کے مطابق افغانستان سے امریکی فوج کا پچانوے فیصد انخلا مکمل ہوچکا ہے۔ 984 سی 17 طیاروں کے ذریعے ضروری سامان افغانستان سے نکال لیا گیا ہے ۔ سات تنصیبات افغان وزارت دفاع کے حوالے کردی گئی ہیں ۔دوسری جانب افغان وزارتِ دفاع نےجھڑپوں میں ڈھائی سو سے زائد طالبان ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔افغان وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اب تک کی لڑائی میں دو لاکھ افراد بے گھر اور ساڑھے تین ہزار سے زائد جاں بحق ہوچکے ہیں۔افغانستان میں جاری لڑائی سے متعلق امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے ہتھیار ڈالنے والے 22 افغان کمانڈوز کو ہلاک کردیا۔دوسری جانب افغان کمانڈوز کو ہلاک کرنے کی طالبان نے تردید کردی ہے۔رپورٹس کے مطابق غزنی کے متعدد اضلاع میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، جس میں طرفین کے لوگوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔