جی 20کے ٹورازم ورکنگ گروپ کا اجلاس کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں جاری ہے۔ ابھی تک موصولہ اطلاعات کے مطابق اجلاس کے دوران قومی اور بین الاقوامی مندوبین نے جموں کشمیر میں سیاحتی شعبہ کی صلاحیت پر مختلف موضوعات کے تحت تبادلہ خیال کیا۔ نیز اجلاس میں ابھی تک وادی کشمیر میں شروع کی گئی نئی فلم پالیسی پر بھی سیر حاصل تبصرہ کیا گیا اور بیرونی ممالک کو یہاں کی مقامی سیاحت سے لطف اندوز ہونے اور اس کے اضافہ میں اپنا رول ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔ جی 20یہ تازہ اجلاس تین روز تک جاری رہے اور مئی 24کو اختتام پذیر ہوگا۔ ادھر اجلاس کے انعقاد پر جموں کشمیر کے عام و خاص پرامید دکھائی دے رہے ہیں۔ یہاں کی ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ افراد جن میں بیشتر افراد اجلاس کا حصہ ہیں، بھی بہتر مستقبل کی اُمید لگائے بیٹھے ہیں۔ جموں کشمیر میں جاری اجلاس کا مقصد عالمی سطح کے سفرا کو خطہ کی طرف راغب کرنے اور سیاحتی شعبہ کو مزید بلندیوں تک لے جانے پر اُن کیساتھ مختلف نوعیت کے معاملات پر ایک ہی پلیٹ فارم پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ اب تک کی موصولہ اطلاعات کے مطابق اجلاس میں شریک ممبران ممالک نے بھارت کی اس پہل کو نہ صرف سراہا بلکہ مستقبل میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھی حامی بھر لی ہے۔ ادھر عوامی حلقوں میں بھی اجلاس سے متعلق استفسارات گشت کررہے ہیں۔ ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ افراد اجلاس کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ ان افراد کا کہنا ہے کہ سرینگر میں منعقد ہورہے اس اجلاس سے نہ صرف جموں کشمیر کی مثبت تصویر دنیا بھر میں جائیگی بلکہ آنے والے دنوں میں سیاحتی شعبہ میں روزگار کے نئے دروازے کھل جائیں گے جس کی بدولت یہاں کا تعلیم یافتہ طبقہ کو انگیج کرنے میں آسانی ہوگی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اجلاس کے پہلے روز جب مندوبین نے جھیل ڈل میں شکارا سواری کی تو بیلوارڈ روڑ پر قائم تجارتی اداروں میں ہلچل مچ گئی ۔ ان اداروں کے مالکان نے کئی نیوز میڈیا چینلوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے اُمید جتائی کہ اجلاس کے انعقاد کے بعد وادی کشمیر میں ماضی کی وہ رونق دوبارہ لوٹ آئیگی جو غیر یقینی صورتحال کے نتیجہ میں نابود ہوچکی تھی۔ تجارتی اہلکاروں کا ماننا ہے کہ اجلاس میں شامل غیر ملکی سفیر اپنے اپنے وطن روانہ ہونے کے بعد جموں کشمیر کی سیاحت کے سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے جس کی بدولت وادی کشمیر میں سیاحت کو ایک نئی جہت ملے گی۔ یہاں شہر میں قائم پولو ویو مارکیٹ کے دوکاندار بھی گزشتہ چند روز بھی پھولے نہیں سمارہے ہیں۔ پولو ویو مارکیٹ کو سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت نہ صرف ایک نئی شناخت مل گئی ہے بلکہ یہاں موجود تجارتی اداروں کا بھی حلیہ تبدیل ہوچکا ہے۔ اس مارکیٹ میں اب لوگوں کی اتنی بھیڑ دن بھر جمع رہتی ہے کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر مارکیٹ کی وائرل تصاویر سے معلوم ہورہا ہے کہ آنیوالے ایام میں یہ مارکیٹ بڑی تبدیلی کا باعث بن جائے گا اور یہاں موجود دوکانداروں کی معاشی حالت ایک نئی رفتار پکڑے گی۔ جی 20اجلاس کے انعقاد سے وادی کا چپہ چپہ خوش دکھائی دے رہا ہے۔ نوجوان ہو یا عمر رسیدہ، مرد ہو یا خواتین، طلبا ہو یا دیگر افراد ہر ایک جی 20کے اجلاس پر خوشی کا اظہار کررہا ہے۔ اُمید ہے کہ اجلاس آنے والے کل میں جموں کشمیر کے دکھوں کا مداوا ثابت ہو۔