حیدرآباد:تلنگانہ کی عیدگاہوں اور مساجد میں ایک سال کے وقفہ کے بعد نماز عیدالاٰضحیٰ کا 21 جولائی کو اہتمام کیا جائے گا۔ گزشتہ سال لاک ڈاؤن اور کورونا وباء کے پیش نظر رمضان المبارک اور عید الاضحیٰ پر عیدگاہوں میں نماز کی اجازت نہیں دی گئی ۔ جاریہ سال دوسری لہر سے عیدگاہوں میں نماز عیدالفطر کی اجازت نہیں تھی ۔ اب جبکہ کورونا لاک ڈاؤن اور تمام پابندیاں ختم ہوچکی ہیں ، لہذا حکومت نے عبادتگاہوں کے علاوہ مذہبی تقاریب اور تہواروں کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے۔ حیدرآباد میں بونال تقاریب روایتی انداز میں منائی جارہی ہے جس میں ہزا روں افراد شریک ہیں۔ مذہبی اجتماعات اور عبادات کی اجازت کے بعد مسلمان جاریہ سال نماز عیدالاضحیٰ عیدگاہوں اور مساجد میں ادا کرپائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں تمام ضلع کلکٹرس اور پولیس کو رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے گئے ہیں۔ شہر میں عیدگاہ میرعالم اور قدیم عیدگاہ مادنا پیٹ میں نماز عید کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ دیگر عیدگاہوں بالخصوص حفیظ پیٹ ، گنبدان قطب شاہی ، عیدگاہ بلالی، عیدگاہ سکندرآباد و دیگر عیدگاہوں میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے انتظامات کئے جائیں گے ۔ بارش کے پیش نظر عیدگاہوں میں خصوصی انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے اور واٹر پروف شامیانے نصب کئے جائیں گے ۔ عیدگاہ میرعالم کیلئے 7 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ۔ حفیظ پیٹ عیدگاہ کمیٹی کو ایک لاکھ روپئے کی منظوری دی گئی ہے۔ عیدگاہوں کے اطراف ٹریفک کے معقول انتظامات اور پارکنگ کی سہولت کیلئے بھی انتظامات کئے جائیں گے ۔