نیوز ڈیسک//
افغانستان کے سلامی بلے باز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران کی اوپننگ جوڑی نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میں ریکارڈ شراکت داری قائم کی۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 256 رنز جوڑے۔ اس دوران افغان اوپنرز نے لیجنڈ سچن تیندولکر اور سوربھ گنگولی کا 25 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ گرباز اور زادران کی سنچریوں کی بدولت افغانستان نے بڑا سکور بنا کر میزبان بنگلہ دیش کو 142 رنز سے شکست دے دی۔ یہ غیر ملکی سرزمین پر ون ڈے میں افغانستان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
رحمان اللہ گرباز نے 125 گیندوں پر 145 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے جبکہ زادران نے 119 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 256 رنز کی شراکت داری کرکے سچن تیندولکر اور سوربھ گنگولی کے 252 رنز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سچن اور گنگولی نے 1998 میں کولمبو میں سری لنکا کے خلاف پہلی وکٹ کے لئے 252 رنز کی شراکت داری کی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور مارلن سیموئلز کی جوڑی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کی شراکت داری کے معاملے میں پہلے نمبر پر ہے۔ دونوں نے سال 2015 میں کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے خلاف دوسری وکٹ کے لئے 372 رنز جوڑے تھے۔ اس فہرست میں ونڈیز کے شائی ہوپ اور جان کیمپبیل کی جوڑی دوسرے نمبر پر ہے جنہوں نے 2019 میں آئرلینڈ کے خلاف پہلی وکٹ کے لئے 365 رنز کی شراکت داری کی تھی۔
رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں افغانستان کے لئے ریکارڈ قائم کر دئے۔ یہ افغانستان کی جانب سے کسی بھی جوڑی کی سب سے بڑی شراکت داری ہے۔ اس سے پہلے کے صادق اور محمد شہزاد نے سال 2010 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف 218 رنز کی ناٹ آوٹ شراکت داری کی تھی۔ 2015 کے ورلڈ کپ کے بعد افغانستان دوسری ٹیم بن گئی جس نے میزبان بنگلہ دیش کو گھر پر شکست دی۔
ابراہیم زادران کے ون ڈے کیریئر کی یہ چوتھی سنچری ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 13 میچوں میں انجام دیا ہے۔ 21 سالہ زادران نے اس سے پہلے سری لنکا کے خلاف دو اور زمبابوے کے خلاف ایک سنچری بنائی تھی۔ زادران نے 13 اننگز میں 747 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران ان کا اوسط 68 کے قریب رہا۔ انہوں نے 4 سنچریوں سمیت 2 نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ زادران ون ڈے میں سب سے کم اننگز میں 4 سنچریاں بنانے والے دوسرے بلے باز ہیں۔ پہلے نمبر پر پاکستان کے امام الحق ہیں جنہوں نے 9 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔