ناٹنگھم: پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دیکر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ کے شہر ناٹنگھم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم اور نائب کپتان محمد رضوان نے پراعتماد آغاز کیا۔کپتان بابراعظم نے 35 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی ،دوسرے اینڈ سے محمد رضوان نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ محمد رضوان اور بابراعظم نے پہلی وکٹ پر 150 رنز کی بہترین شراکت قائم کی۔ محمد رضوان 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے، نئے آنے والے بلے باز صہیب مقصود نے پہلی ہی گیند پر چوکا مارا اور 7 گیندوں پر ایک چوکا اور دو چھکوں کی مدد سے 19 رنز بنا کر آوٹ ہوئے،بابراعظم نے 49 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ویلی کی گیند پر بیئرسٹو کےہاتھوں آؤٹ ہوئے۔محمد حفیط اور فخر زمان نے سکور 221 تک پہنچایا، فخرزمان نے ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 8 گیندوں پر 26، محمد حفیظ نے 10 گیندوں پر ایک چوکا اور 3 چھکوں کی مدد سے 24 رنز کی اننگز کھیلی، عماد وسیم نے 2 گیندوں پر 3 رنز بنائے تھے، وہ وکٹوں کے درمیان دوڑ لگاتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 232 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اعظم خان نے آؤٹ ہوئے بغیر ایک چوکے کی مدد سے3 گیندوں پر 5 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے ٹام کیرن نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔انگلش ٹیم کی جانب سے جیسن روئے نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے ڈیوڈ ملان کو 1 اور پھر جونی بریسٹو کو 11 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا جب کہ معین علی بھی صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ جیسن روئے 32 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ایون مورگن 16 اور لیوس گریکوری 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم لیام لیونگ سٹون نے وکٹیں گرنے کے باوجود جارحانہ کھیل جاری رکھا اور 42 گیندوں پر اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سنچری بنا ڈالی جس میں 9 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے تاہم شاداب نے اگلی ہی گیند پر انہیں پویلین واپس بھیج دیا، وہ 102 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین آفریدی نے 3،3 محمد حسنین، حارث رؤف اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم کی جانب سے معین خان کے صاحبزادے اعظم خان ڈیبیو کررہے ہیں ، پی سی بی کے مطابق اعظم خان ٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 93 ویں کھلاڑی ہیں۔ اعظم خان ہارڈ ہٹنگ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ اور کیریبیئن لیگ بھی کھیل چکے ہیں۔صہیب مقصود کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے لیکن حیران کن طور پر عثمان قادر کو ٹیم میں شامل نہیں کیا، صہیب مقصود، محمد حسنین اور عماد وسیم ٹیم میں شامل ہیں۔ مختصر فارمیٹ کے مقابلوں میں بھی انگلش ٹیم کا پلہ بھاری ہے، دونوں ٹیموں کا 18 بار آمنا سامنا ہوا جس میں قومی ٹیم صرف 5 میں کامیاب ہوسکی جب کہ 11میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 2 میچ بے نتیجہ رہے۔