لندن: انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان کا کہنا ہے کہ سٹار بلے باز بابراعظم پاکستان کے اہم ترین کھلاڑی ہیں۔ 46 سالہ مائیکل وان کو ایک انٹرویو کے دوران بابراعظم اور محمد رضوان میں سے پاکستان کا سب سے اہم کھلاڑی منتخب کرنے کو کہا گیا تھا۔ مائیکل وان نے کہا کہ اگرچہ رضوان ایک عمدہ کھلاڑی ہے اور وہ وکٹ کیپر بیٹسمین کے کھیل کو پسند کرتے ہیں لیکن بابراعظم کی کلاس ہی الگ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بابراعظم کی تکنیک ، مزاج اور شاٹ سلیکشن انہیں عالمی سطح پر ایک بہترین بلے باز اور یقینی طور پر پاکستانی ٹیم کے لئے سب سے اہم کھلاڑی بناتا ہے۔ 46 سالہ مائیکل وان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کو دیکھ کر بلے بازی بہت آسان لگتی ہے، ان کی کور ڈرائیو دیکھ کر ہر کرکٹ شائق کو خوشی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بابراعظم کا بیلنس انتہائی شاندار اور ذہنیت بھی بہت عمدہ ہے جس کی وجہ سے وہ ون ڈے میں دنیا کے نمبر ون بلے باز بنے ہیں۔مائیکل وان نے محمد رضوان کی تعریف بھی کرتے ہوئے کہا کہ وہ میدان میں رضوان کے رویے کو پسند کرتے ہیں کیونکہ وہ ہمیشہ جارحانہ مزاج اپناتے ہیں اور مخالف ٹیم پر دبائو بنائے رکھتے ہیں ۔