جموں کشمیر انتظامیہ بزرگوں کی خوشحال زندگی کو یقینی بنائے گی: ایل جی
کشمیر انفو//
سری نگر/25؍اکتوبر//لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہانے بدھوار کوسری نگر میں ’’پنشنرز سمیلن‘‘ کا اِفتتاح کیا اور پنشن سے مستفید ہونے والوں سے بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میںتمام بزرگ شہریوں کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے پروگرام میں شرکت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ بزرگوں کا احسان ہمیشہ انمول ہوتا ہے اور جموں و کشمیر انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ وہ ایک خوش حال اور صحت مند زندگی گزاریں ۔اُنہوں نے کہا کہ بزرگوں کی دیکھ بھال کرنا، انہیں سماجی تحفظ فراہم کرنا اور کمزور طبقوں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنا ہماری قدیم روایت، تہذیبی فرض اور سنسکار ہے۔ یہ جموں و کشمیر اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے کہ یونیورسل کوریج فراہم کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ احترام کے ساتھ سلوک کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِنٹگریٹیڈ سوشل سیکورٹی سکیم کے تحت صدفیصد اہداف حاصل کرنے اور مستفیدین میں ستمبر مہینے تک پنشن کی تقسیم کے لئے ضلع اِنتظامیہ سری نگر کی پوری ٹیم کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ تمام ضرورت مندوں تک پہنچنے کے لئے پُرعزم ہے، اور انٹیگریٹیڈ سوشل سیکورٹی سکیم بغیر کسی پابندی کے طلب پر مبنی سکیم ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سری نگر میں زائد اَز 44ہزار بزرگوں ،بیواؤں اور طلاق شدہ افراد کا احاطہ کیا گیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اِن فوائد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی کے ضلعی اَفسران پر زور دیا کہ وہ سری نگر ضلع اِنتظامیہ کے بہترین طریقوں کو اَپنائیں اور سماجی تحفظ کی سکیموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے ضروری تکنیکی اقدام کریں۔اُنہوں نے کہا کہ ہر فرد تک موثر سماجی تحفظ کا جال معاشرے کو مضبوط کرے گا اور شہری غریبوں اور بے سہارا لوگوں کے حالات زندگی کو بہتر بنائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے پنشنرز سمیلن میں بیوہ اور طلاق شدہ پنشنروں اور جسمانی طور خاص اَفراد کو خود روزگار کے منصوبوں میں انتظامیہ کی طرف سے تمام ضروری تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔انہوں نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کوریج کو بڑھانے، سب کے لئے زیادہ سے زیادہ تحفظ اور معیاری زندگی کو یقینی بنانے میں یوٹی حکومت کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہجموں و کشمیر ملک کا واحد خطہ ہے جہاں بیوہ پنشن کے لئے اہل عمر 18 برس ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے مینٹیننس اینڈ ویلفیئر آف پیرنٹس اینڈ سینئر سٹیزنز ایکٹ کے قوانین کو نوٹیفائی کیا ہے اور ان کی مناسب دیکھ دیکھ کے لئے ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج جموں کشمیر میں پنچایتوں میں سینئر سٹیزن کلب ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ 13 اضلاع میں سینئر سٹیزن ہومز قائم کئے گئے ہیں اور باقی اضلاع کو اس برس کور کیا جائے گا۔اُنہوں نے استفادہ کنندگان کو منظوری نامے اور طبی امداد حوالے کیں اور سماجی بہبود کی دیگر مختلف سکیموں کے تحت بغیر کسی رکاوٹ کے فوائد تک رسائی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔فائدہ اٹھانے والوں نے سماجی تحفظ کی سکیموں کے تحت فوائد کی توسیع کے آسان طریقہ کار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اِس موقعہ پر اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری ، ایس ایم سی کمشنر اطہرعامر خان، ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز ، سینئر اَفسران اور مستحقین موجود تھے۔