نئی دہلی ، 19 جولائی : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں حزب اختلاف اور عوام کے ہر تیکھے سوال کا جواب دینے کے لئے تیار ہے ، لیکن اس کے لئے حزب اختلاف کو پرامن ماحول پیدا کرنا ہوگا ۔ مسٹر مودی نے پیر کو شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں آج میڈیا کو دیے ایک بیان میں ایوان میں حسن طریقے سے کام کاج ہونے کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا ’’ ایوان میں یہ سیشن نتیجہ خیز ثابت ہو ، معنی خیز بحث کے لئے وقف ہو ، ملک کے عوام جو جواب چاہتے ہیں ، وہ جواب دینے کے لئے سرکار پوری طرح تیار ہے‘‘۔تمام اپوزیشن کے لیڈروں سے گزارش ہے کہ وہ تیکھے اور دھاردار سوالات پوچھیں اور ایوان میں پرسکون ماحول برقرار رکھیں ، جس سے حکومت کو جواب دینے کا موقع مل سکے۔ اس سے عوام تک حقائق پہنچانے کا موقع ملتا ہے۔ اس سے عوام کا اعتماد بڑھتا ہے ، ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے۔(یو این آئی)