چین کے شمال مغربی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے سبب کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور 126 افراد ہلاک ہو گئے۔
سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ نے بتایا کہ صوبہ گانسو میں زلزلے کے سبب 100 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے جبکہ پڑوسی صوبے چنگھائی کے شہر ہائیڈونگ میں 11 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوئے۔
یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 تھی جبکہ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 تھی۔
زلزلے کی گہرائی 35 کلو میٹر جبکہ مرکز صوبے لانزو کے دارالحکومت سے 102 کلو میٹر دور جنوب مغرب تھا۔
حکام نے زلزلے کے فوراً بعد امدادی عملے کو متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردیا، متاثرہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، چینی صدر شی جن پنگ نے ریسکیو اداروں کو تلاش اور ریلیف کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس اگست میں چین کے مشرقی علاقے میں 5.4 شدت کے زلزلے کے سبب 23 افراد زخمی اور درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئی تھیں، ستمبر 2022 میں سیچوان صوبے میں 6.6 شدت کے زلزلے سے تقریباً 100 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
2008 میں 7.9 شدت کے زلزلے کے سبب 87 ہزار سے زائد افراد ہلاک یا لاپتا ہوگئے تھے، ان میں 5 ہزار 335 طلبہ بھی شامل تھے۔