ہندوستانی ٹیم کے اسٹارکرکٹرمحمد شمی کے لئے آج کا دن بے حد خاص ہے۔ انہیں آج راشٹرپتی بھون میں ارجن ایوارڈ سے سرفرازکیا گیا۔ عالمی کپ 2023 میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے اس ہندوستانی گیند بازکے ساتھ راشٹرپتی بھون میں ان کی ماں بھی پہنچی تھیں۔ جب محمد شمی ایوارڈ لے رہے تھے توماں اس فخریہ لمحے کے دوران اپنے بیٹے کو انتہائی غورکے ساتھ دیکھتی ہوئی نظرآئیں۔ واضح رہے کہ محمد شمی کی ماں کا نام انجم آرا ہے اوروہ اپنی ماں کے بے حد قریب ہیں۔
ہندوستان کے تیزگیند بازمحمد شمی کو 9 جنوری 2024 کوہندوستان کی صدرجمہوریہ دروپدی مرموکے ذریعہ ارجن ایوارڈ سے سرفرازکیا گیا۔ ونڈے ورلڈ کپ 2023 میں سنسنی خیز کارکردگی کے بعد ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے محمد شمی کے نام کی سفارش کی تھی۔ محمد شمی نے ورلڈ کپ 2023 ٹورنامنٹ کو سب سے بہترین اورکامیاب گیند باز کے طورپرختم کیا۔ انہوں نے 7 میچوں میں 24 وکٹ حاصل کئے تھے۔
محمد شمی ہوگئے جذباتی
ہندوستانی تیزگیند باز محمد شمی نے ارجن ایوارڈ سے متعلق بڑا بیان دیا ہے۔ دراصل، اس تیزگیند بازنے کہا کہ یہ ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے۔ لوگ اپنی پوری زندگی گزاردیتے ہیں، لیکن یہ اعزازحاصل نہیں کرپاتے۔ مجھے خوشی ہے کہ میرا نام ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں محمد شمی نے ورلڈ کپ میں شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا تھا۔ محمد شمی نے اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ اس ہندوستانی تیزگیند بازنے 7 میچوں میں 24 مخالف بلے بازوں کواپنا شکاربنایا تھا۔ محمد شمی کی شاندارکارکردگی کی بدولت ٹیم انڈیا فائنل میں پہنچی۔ تاہم ہندوستانی ٹیم کو فائنل میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا اورورلڈ کپ جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔