سرفرازخان اوردھرو جریل کو ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے خاص تحفے سے نوازا ہے۔ آئی پی ایل 2024 کی شروعات سے پہلے بی سی سی آئی نے دونوں کھلاڑیوں پرکروڑوں روپئے کی برسات کردی۔ دراصل، سرفرازخان اوردھروجریل کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پیرکے روز ہوئی بی سی سی آئی کی اپیکس کاؤنسل کی میٹنگ میں دونوں کو سینٹرل کانٹریکٹ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
حال ہی یں انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے دونوں کھلاڑیوں کو سی گریڈ کے کانٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ سی گریڈ کے کانٹریکٹ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کو بی سی سی آئی سالانہ ایک کروڑ روپئے دیتا ہے۔ سرفرازخان اورجریل نے انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹسٹ سیریز کے دوسرے مقابلے میں ہندوستان کے لئے ڈیبیو کیا تھا، جو راج کوٹ میں کھیلا گیا تھا۔
ٹسٹ سیریز میں دونوں ہی کھلاڑیوں نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ وہیں بی سی سی آئی نے 24-2023 کے لئے اپنے سالانہ کنٹریکٹ کو جاری کرتے وقت اس بات کو واضح کردیا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی طے وقت میں تین ٹسٹ یا 8 ونڈے یا 10 ٹی-20 انٹرنیشنل مقابلے کھیلتا ہے تو انہیں ‘سی گریڈ’ کانٹریکٹ میں شامل کرلیا جائے گا۔ سرفرازاورجریل نے طے وقت میں تین-تین ٹسٹ کھیلے، جس کے سبب انہیں بی سی سی آئی نے سینٹرل کانٹریکٹ کے انعام سے نوازا۔
ایسا رہی تھی دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی
سرفرازخان: ممبئی کے لئے فرسٹ کلاس کھیلنے والے سرفرازخان نے راج کوٹ میں کھیلے گئے ڈیبیو ٹسٹ کی دونوں اننگوں میں بالترتیب 62 اورناٹ آؤٹ 68 رن بنائے تھے۔ حالانکہ رانچی میں کھیلے گئے اپنے دوسرے اورسیریز کے چوتھے ٹسٹ میں سرفرازخان فلاپ رہے تھے۔ وہ دونوں اننگ میں 14 رن اور صفر پرآؤٹ ہوئے تھے۔ تاہم پھر دھرمشالہ میں کھیلے گئے اگلے ٹسٹ میں ممبئی کے بلے بازنے ایک اننگ میں 56 رنوں کا اسکورکیا تھا۔
دھرو جریل: اترپردیش کے آگرہ سے آنے والے دھرو جریل نے ڈیبیوٹسٹ کی واحد اننگ میں 46 رن بنائے تھے۔ اس کے بعد رانچی میں کھیلے گئے اپنے دوسرے اورسیریز کے چوتھے میچ میں انہوں نے 90 اور ناٹ آؤٹ 39 رنوں کی اہم اننگ کھیلی تھیں، جس کے لئے انہیں ‘پلیئرآف دی میچ’ کے خطاب سے نوازا گیا تھا۔ پھردھرمشالہ ٹسٹ میں وہ واحد اننگ میں 15 رن بناسکے تھے۔