سرینگر؍8؍اکتوبر؍
جی آر 8 سپورٹس پرائیویٹ انڈیا لمیٹڈ وادی کشمیر کی انٹر نیشنل کرکٹ کائونسل(آئی سی سی) سے تصدیق شدہ اور منظور شدہ بلے بنانے والی واحد کمپنی نے لیجنڈس لیگ کر کٹ (ایل ایل سی) 2024کے جاری ایڈیشن کے ساتھ اپنی شراکت کا اعلان کیاہے۔ کشمیر کی دلکش وادی میں منعقد کئے جارہے میچوں کے ایک آفیشل سپانسر کی حیثیت میں جی آر 8 اسپورٹس عالمی سطح پر کشمیر ولو بیٹس کے اعلیٰ معیار کو فروغ دیتے ہوئے کرکٹ کی دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنا رہا ہے۔ لیجنڈز لیگ کرکٹ کے 2024 ایڈیشن کا ایک اہم مرحلہ، ایک عظیم الشان ایونٹ جس میں دنیا بھر کے مشہور کھلاڑی شامل ہیں، پہلی بار کشمیر میں منعقد ہو رہاہے۔ جی آر 8 اسپورٹس کا تعاون نہ صرف کرکٹ کو ہر سطح پرحمایت فراہم کرنے کے اس کے عزم کو واضح کرتا ہے بلکہ وادی کی مشہور اسپورٹس مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو بھی منظر عام پر لے آتاہے۔ کشمیر کے شاندار پس منظر میں کھیلے جارہے میچ کھیلوں کی دنیا میں خطے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ بخشی اسٹیڈیم، سرینگر میں کھیلے جانے والے تمام سات (7) میچوں کے دوران، جی آر8 ’’دی گیم چینجر آف دی میچ‘‘ کھلاڑی کو اپنے شاندار کشمیر ولو بیٹ حوصلہ افزائی کے بطورد پیش کرے گا تاکہ کشمیر ولو بیٹ انڈسٹری کو مزید بامعنی پلیٹ فارم پر پیش کیا جا سکے۔ مزیدبرآں، کشمیر میں کھیلے جانے والے میچوں کے دوران ہر سکسر ہٹ کے ساتھ، جی آر8 ، 12 درخت لگائے گا۔ یہ سبز اقدام جی آر 8 اسپورٹس اور آئی یو ایس ٹی-سی آئی ای ڈی فاؤنڈیشن (سنٹر آف انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ، اسلامک یونیورسٹی، اونتی پورہ) کی مشترکہ کوشش ہے۔ جی آر8 اسپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب فوز الکبیر نے اس شراکت داری کے بارے میں اپنے پُرجوش جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ہم لیجنڈز لیگ کرکٹ 2024 کا حصہ بننے پر بہت پرجوش ہیں، خاص طور پر جب یہ ایونٹ ہمارے آبائی علاقے کشمیر میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک اہم قدم ہے کیونکہ ہم ایک عالمی پلیٹ فارم پر کشمیر ولو بیٹ کے بے مثال معیار کی نمائش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جی آر8 اسپورٹس نے ہمیشہ کشمیر میں کرکٹ کی صلاحیت پر یقین رکھا ہے، اور یہ شراکت داری کھیل اور خطے میں کرکٹ کی صنعت کومزید فروغ دینے میں ہمارے کردار کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ فوزالکبیر نے کشمیر میں کرکٹ کے روشن مستقبل پرروشنی ڈالتے ہوئے مزید کہا، ’’کشمیر میں کھلاڑیوں کی ترقی کے لحاظ سے بھی اور عالمی معیار کے کرکٹ گیئر بنانے والے کے طور پر بھی بین الاقوامی کرکٹ کا مرکز بننے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔انہوں نے کہا وادی میں کر کٹ کی صنعت عروج پر ہے ہماری کرافٹس مین شپ کو اب عالمی سطح پر پذیرائی ملنے لگی ہے۔ جی آر8 اسپورٹس میں، ہم اپنی عالمی موجودگی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ مقامی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور خطے کی کھیلوں کی معیشت کے لیے مواقع کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘ فوزالکبیر نے مزید کہا کہ یہ خطہ کرکٹ بیٹ مینوفیکچرنگ کا مرکز ہے جہاں 400 سے زیادہ فیکٹریاں لگ بھگ 1.5 لاکھ افرادی قوت کو ملازمت دیتی ہیں اور اس طرح سالانہ 30 لاکھ سے زیادہ بلے تیار ہوتے ہیں۔ لیجنڈز لیگ کرکٹ 2024 کے ساتھ یہ شراکت جی آر8 اسپورٹس کے بیٹ مینوفیکچرنگ میں اپنی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے کرکٹ کو عالمی سطح پر تعاون فراہم کرنے اور اسے بلند کرنے کے لیے دستکاری کو جدت کے ساتھ مربوط کرنے کے مسلسل مشن کو نمایاں کرتی ہے۔ مستقبل کے لئے کمپنی کاویژن کشمیر ولو کی میراث سے فائدہ اٹھانے پر مرکوز ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے کرکٹ کے پیشہ ور افراد اور شائقین کے یکساں تقاضوں کو پورا کیاجائے گا۔