سرینگر//کشمیر کے ایک 19سالہ پاور لفٹنگ کھلاڑی نے قومی سطح کے انڈر19مقابلوں میں پانچواں مقام حاصل کیا۔ 66کلو گرام جونیئر ڈویژن میں پہلی بار مقابلہ کرتے ہوئے انس نے میدان میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے5ویں مقام کی درجہ بندی حاصل کر کے تماشائیوں اور ساتھی کھلاڑیوں کو حیران کر دیا۔سرینگر سے تعلق رکھنے والے انس بٹ نامی اس کھلاڑی نے چھتیس گڑھ میں 162.50کلو وزن اٹھاکر پانچواں مقام حاصل کیا۔ان مقابلوں میںملک کے22شہروں سے 1000سے زائد کھلاڑی اپنی اپنی قسمت آزمارہے تھے۔ چھتیس گڑھ میںقومی سطح کے پاور لفٹنگ مقابلے IPF Subrata Classic National Powerlifting Championshipمیں انس بٹ کی یہ پہلی کوشش ہے ۔ سکاٹ(Squat)، بینچ پریس(Bench Press) اور ڈیڈ لفٹ(Deadlift) کے تین بنیادی مقابلوں میں مجموعی طور پر 457.6کلوگرام کے ساتھ موصوف نے نہ صرف قومی اسٹیج پر ایک اہم کارکردگی کا مظاہرہ کیا بلکہ پاور لفٹنگ کمیونٹی میں ایک شاندار کھلاڑی بننے کی اپنی بھر پور صلاحیت کا بھی لوہامنوایا۔اگرچہ انس 5ویں نمبر پر رہے لیکن ان کی کوشش کو مقابلے کے جج صاحبان نے سراہا۔ سبرتا کلاسک میں ان کی شرکت نے نہ صرف ملک بھر میں پاور لفٹنگ کے شوقین کھلاڑیوں کو حوصلہ بخشا بلکہ کشمیر کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک نیا معیار بھی قائم کیا۔انس نے اس موقع پر کہا کہ اگرچہ یہ ان کی پہلی قومی مقابلہ تھا تاہمIPFسبرتا کلاسک میں پاور لفٹنگ کا مستقبل روشن ہے۔