اسلام آباد،؍ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو اپنے آئی سی سی ایونٹس کے دوران آنے والے اتار چڑھاؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بہتر بنانا ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز سے ایک روز قبل آج کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں جیت کے لیے محنت کر رہے ہیں، ٹیم کا مورال بلند ہے اور کوشش کریں گے کہ سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ میری ٹیم کا ہر کھلاڑی کپتان ہے، میں صرف ٹاس کرنے یا میڈیا سے بات کرنے کے لیے سامنے آتا ہوں تاہم، ہماری ٹیم میں ہر ایک کھلاڑی کی رائے کا حترام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے زوروشور سے تیاریاں جاری ہیں اور ہم جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کل (بدھ کو) چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔محمد رضوان نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ بطور ٹیم ہم میں کچھ کمیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔