یو این آئی
ممبئی؍ ہندستانی سنیما میں آشا بھونسلے کو ایک ایسی عظیم پلے بیک سنگر کے طور پر یاد کیا جائے گا، جنہوں نے اپنی آواز کی دلکشی سے تقریباً آٹھ دہائیوں تک سامعین کو اپنا دیوانہ بنائے رکھا۔
8 ستمبر 1933 کو مہاراشٹر کے سانگلی میں پیدا ہونے والی آشا بھوسلے کے والد دینا ناتھ منگیشکر مراٹھی تھیٹر سے وابستہ تھے۔ صرف نو برس کی عمر میں والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا، جس کے بعد خاندان کی کفالت کی ذمہ داری آشا بھوسلے اور ان کی بہن لتا منگیشکر نے سنبھالی اور فلموں میں اداکاری کے ساتھ گانا بھی شروع کیا۔
آشا بھوسلے نے 1948 میں فلم “چنریا” کے لیے اپنا پہلا گیت گایا۔ کم عمری میں انہوں نے اپنے خاندان کی مرضی کے خلاف گنپت راؤ بھوسلے سے شادی کی، جو زیادہ کامیاب نہ رہی اور بعد میں انہیں پونے واپس آنا پڑا۔ اس وقت گیتا دت، شمشاد بیگم اور لتا منگیشکر فلمی دنیا میں اپنی مضبوط پہچان بنا چکی تھیں۔
1957 میں موسیقار او پی نیئر کی دھنوں پر بنی فلم “نیا دور” آشا بھوسلے کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔ 1966 میں فلم “تیسری منزل” میں آر ڈی برمن کے ساتھ گایا گیا گیت “آجا آجا میں ہوں پیار تیرا” انہیں بے حد مقبولیت دے گیا۔(یو این آئی)










