نئی دہلی: ہندوستانی خاتون ٹیم نے کرو یا مرو مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 3-4 سے شکست دے دی ہے۔ ہندوستان کی طرف سے وندنا کٹاریہ نے تین اور نیہا گوئل نے ایک گول داغا۔ وندنا کٹاریہ پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئی ہیں، جنہوں نے اولمپک کے کسی میچ میں ہیٹ ٹرک لگائی ہو۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کی آئندہ دور میں جانے کی امیدیں ابھی بھی باقی ہیں۔ برطانیہ اگر آئر لینڈ کو آج ہرا دیتا ہے تو ہندوستان کوارٹر فائنل میں پہنچ جائے گا۔وندنا کٹاریہ نے پہلے کوارٹر فائنل میں ہندوستان کو شاندار شروعات دلاتے ہوئے چوتھے منٹ میں گول داغ دیا۔ حالانکہ پہلے کوارٹر کے آخری لمحے میں جنوبی افریقہ نے برابری کا گول کر دیا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں بھی وندنا نے جارحانہ کھیل دکھایا اور اسکور 1-2 کر دیا۔ جنوبی افریقہ نے حالانکہ ہندوستان کی بے حد کمزور نظر آرہی ڈیفنس لائن کو دوسری بار چکمہ دے دیا۔ پہلے ہاف میں مقابلہ 2-2 سے برابر رہا۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں ہندوستان نے ایک بار زبردست شروعات کرتے ہوئے نیہا گوئل کے گول کی مدد سے اپنی سبقت 2-3 سے کرلی تھی، لیکن جنوبی افریقہ نے زبردست واپسی کرتے ہوئے تیسرا گول داغ دیا۔ میچ کے 49 ویں منٹ میں کٹاریہ نے تیسرا گول کرتے ہوئے ہندوستان کو 3-4 سے آگے کردیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔ جنوبی افریقہ کے لئے ٹیرن گلاسبی، کپتان ایرن ہنٹر اور ماریجین مرائس نے گول داغے۔مسلسل دوسری بار اولمپک کے لئے کوالیفائی کرنے والی ہندوستانی ٹیم ریو اولمپک میں 12 ویں مقام پر رہی تھی۔ پہلے تین میچوں میں ہندوستان کو دنیا کی نمبر ایک ٹیم نیدر لینڈ نے 1-5 سے، جرمنی نے 0-2 اور گزشتہ چمپئن انگلینڈ نے 1-4 سے شکست دی تھی۔ چوتھے میچ میں نونیت کور کی گول کی بدولت ہندوستان نے آئر لینڈ کو 0-1 سے شکست دی تھی۔