سرینگر:وزیر اعظم نریندر مودی نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک ایسے وقت کہ جب بھارت اپنا امرت مہوتسو منا رہا ہے،130کروڑ بھارتی عوام اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پوری تندہی سے کام کرتے رہیں گے کہ بھارت نئی بلندیوں پر پہنچ جائے۔ ایس این ایس کے مطابق مختلف ٹویٹ پیغامات میں وزیر اعظم نے کہا کہ ایک طرف جہاںامرت مہوتسو کا آغاز ہورہا ہے، وہیں ایسی کئی باتیں اور واقعات رونما ہوئے ہیں، جوہر بھارتی کے لیے خوش آئند اور حوصلہ بڑھانے والے ہیں۔ نریندرمودی نے کہا کہ ملک میں ریکارڈتعداد میں کووڈ مخالف ٹیکے لگائے گئے ہیں اور جی ایس ٹی کی وصولیابی میں اضافہ سے امید افزا اقتصادی سرگرمی کا اشارہ ملتا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ہندوستان اگست مہینے میں داخل ہوتا ہے ، جو امرت مہوتسو کے آغاز کی علامت ہے ، ہم نے کئی ایسے واقعات دیکھے ہیں جو ہر ہندوستانی کے لیے باعث مسرت ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ریکارڈ ویکسی نیشن کی گئی ہے اور اعلیٰ جی ایس ٹی نمبر مضبوط معاشی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اولمپک کھیلوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اولمپک کھیلوں میں نہ صرف سرکردہ بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے تمغہ جیتا، جس کی وہ پوری طرح مستحق تھیں، بلکہ بھارت کی مردوںاور خواتین کی ہاکی ٹیموں نے بھی تاریخی اعتبار سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ 130کروڑ ہندوستانی عوام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سخت محنت جاری رکھیں گے کہ ہندوستان اپنی امرت مہوتسو کو مناتے ہوئے نئی بلندیوں تک پہنچے۔