مظفر آباد:کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کی ٹیم باغ سٹالیئنز نے شان مسعود کو کپتان مقرر کردیا۔ ترجمان باغ سٹالیئنز کے مطابق ٹورنامنٹ کے پہلے سیزن میں شان مسعود ٹیم کی قیادت کریں گے، شان مسعود باغ سٹالیئنز کےآئیکون پلئیر بھی ہوں گے۔ آئیکون پلیئر شاداب خان ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں اور شاداب خان کی عدم موجودگی کے باعث شان مسعود کو ذمےداریاں دی گئیں۔شان مسعود نے 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور ڈیل سٹین ، مورنے مورکل اور ورنن فلینڈر کے خلاف 75 رنز کی پہلی اننگز کھیل کر میدان میں صلاحیت منوائی تھی۔ اس کے بعد سے وہ پاکستان کے لیے 25 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 5 سنچریوں اور6 نصف سنچریوں کی مدد سے 1378 رنز بنائے ہیں۔وہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل 3 اننگز میں سنچری سکور کرنے کا منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں ۔اپنے 71 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں شان مسعود نے 23.61 کی اوسط سے 1582 رنز بنائے ہیں ، ان کا بہترین سکور 103ناٹ آئوٹ ہے اور انہوں نے 8 ففٹیز بھی سکور کررکھی ہیں۔ کپتانی ملنے پر شان مسعود کا کہنا ہے کہ باغ سٹالیئنز کی قیادت میرے لیے فخر کی بات ہے، امید ہے کھلاڑیوں کےساتھ ٹیم کےکپتان کا تجربہ اچھا رہےگا۔