نئی دہلی:صدر رام ناتھ کووند نے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کے نام ایک پیغام دیا۔ اس دوران انہوں نے ملک اور بیرون ملک رہنے والے تمام ہندوستانیوں کو یوم آزادی کی پرجوش مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ دن ہم سب کے لیے بڑی خوشی اور مسرت کا دن ہے۔ اس سال کا یوم آزادی خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سال ہم سب اپنی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں۔ آزادی کا ہمارا خواب معلوم اور نامعلوم آزادی پسندوں کی کئی نسلوں کی جدوجہد سے پورا ہوا۔ ان سب نے قربانی اور ایثار کی منفرد مثالیں پیش کیں۔انھوں نے مزید کہا کہ کرونا وبا کی شدت میں کمی آئی ہے لیکن کرونا وائرس کا اثر ابھی ختم نہیں ہوا۔ تمام خطرات مول لیتے ہوئے ، کورونا کی دوسری لہر پر ڈاکٹروں ، نرسوں ، ہیلتھ ورکرز ، ایڈمنسٹریٹرز اور دیگر کورونا واریروں کی کوششوں کی وجہ سے قابو پایا جا رہا ہے۔