سرینگر:سوپور کے پیٹھ سیر گائوں میں ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین 15گھنٹوں سے جاری طویل معرکہ آرائی اختتام پذیر ہوئی ۔ آئی جی کشمیر کے مطابق تصادم کے دوران 3 مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے ہیں اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدارمیں اسلحہ وگولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ انکاونٹر کے پیش نظر بڈگام سے بارہ مولہ ریل سروس بھی دن بھر معطل رہی جبکہ موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بھی منقطع کیا گیا ہے۔ یو پی آئی کے مطابق ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سوموار کی شام کو ہی سوپور کے پیٹھ سیر گائوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو درمیانی رات تک جا ری رہا۔ نمائندے نے بتایا کہ منگل کی صبح کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان پھر شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو دوپہر تک جاری رہا جس دوران فورسز نے تصادم کی جگہ تین ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کیں۔ آئی جی کشمیر وجے کمار نے تصادم کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوموار کی شام کو مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس ، فوج اور پیر املٹری فورسز نے مشترکہ طورپر سوپور کے پیٹھ سیر گائوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں گائوں میں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ آئی جی کشمیر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جبکہ اندھیرا چھا جانے کے باعث آپریشن کو منگل کی صبح تک موخر کیا گیا۔ آئی جی کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ منگل کی صبح کو رہائشی مکان میں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر فائرنگ کا سلسلہ پھر شروع کیا جس کے بعد حفاظتی عملے نے بھی جوابی کارروائی کی ۔ آئی جی کشمیر کا کہنا ہے کہ تصادم کی جگہ تین ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کرکے ضبط کی گئی ہیں۔ا نہوںنے کہاکہ رواں سال کے دوران ابتک 101ملی ٹینٹوں کو تصادم آرائیوں کے دوران مار گرایا گیا ہے۔پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوپور تصادم میں مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت فیصل فیاض ولد فیاض احمد ٹھوکر اکن کاپرن شوپیان ، غلام مصطفیٰ شیخ ولد عبدالاحد شیخ ساکنہ ٹیکی پورہ کپوارہ اور رمیز احمد گنائی ولد عبد المجید گنائی سکنہ زیپور دھرمتی ، شوپیان کے بطور ہوئی ہے ۔پولیس نے مزید کہا کہ جاں بحق تینوں ملی ٹینٹوں کا تعلق لشکر/ٹی آر ایف سے تھا۔ ادھر انکاونٹر کے پیش نظر بڈگام بارہ مولہ ریل سروس کو دن بھر کیلئے معطل رکھا گیا جس وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلا ت کا سامنا کرناپڑا۔ دریں اثناء مقامی ذرائع کے مطابق سوپور میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کر دی گئی ہیں جبکہ بڈگام سے بارہمولہ کے درمیان ٹرین سروس کو بھی ’’احتیاطی تدابیر ‘‘کے طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ پورے سوپور میں سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ سوپو راور اُس کے ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پولیس نے عوام سے پْر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اْسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔ چنانچہ ممکن طور جھڑپ کی جگہ بارودی مواد اگر پھٹنے سے رہ گیا ہو تو اْس کی زد میں آکر کسی کی جان بھی جاسکتی ہے۔ اسی لئے لوگوں سے بار بار اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ کا رخ کرنے سے اجتناب کریں۔ لوگوں سے التجا کی جاتی ہے کہ وہ حفاظتی عملے کو اپنا کام بہ احسن خوبی انجام دینے میں بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آسکیں۔