لکھنؤ: صدر رام ناتھ کووند نے کہا کہ تعلیم سماجی انصاف اور ذاتی ترقی کے لیے سب سے موثر ذریعہ ہے۔جمعرات کو یہاں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سنٹرل یونیورسٹی کے نویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے جناب کووند نے کہا کہ تعلیم سماجی انصاف اور ذاتی ترقی کے لیے سب سے موثر ذریعہ ہے۔ ثقافتی اور اخلاقی اقدار سے تحریک حاصل کرتے ہوئے جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایکسی لینس حاصل کرنے کا ہمارا مقصد تب ہی پورا ہوگا جب تمام طلباء اور اساتذہ پوری لگن کے ساتھ کام کریں۔قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق تعلیم کے میدان میں اتر پردیش حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کئے جا رہے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا، "اپنے سفر کے دوران مجھے یوپی میں تعلیم کے میدان میں کی جانے والی کوششوں کے بارے میں قریب سے جاننے کا موقع ملا۔ نئی قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق یہاں بہتر کام کیا جا رہا ہے۔ تعلیم کے میدان میں یوگی حکومت بیدار ہوئی ہے۔ اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ "صدر جمہوریہ نے کہا ، "ساوتری بائی پھولے گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھنے پر میں فخرمحسوس کررہاہوں۔ انہوں نے کہا کہ ساوتری بائی پھولے نے 175 سال پہلے بیٹیوں کی تعلیم کے لیے جو انقلابی اقدامات کیے، وہ آج بھی متعلقہ ہے۔ خاص طور پر اس وقت کے معاشرے میں خواتین کی حیثیت کے بارے میں مطالعہ کرنے پر یہ معلوم ہوتا ہے کہ آج ہماری بیٹیاں سماج اور ملک کارتبہ پوری دنیا میں بڑھا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں ملک کی بیٹیوں کی کارکردگی نے پورے ملک میں فخر کا احساس پیدا کیا ہے۔ ہماری بیٹیاں ہر شعبے میں اپنی شاندار موجودگی دکھا رہی ہیں۔ یکساں مواقع ملنے پر ہماری بیٹیاں بیٹوں سے بھی آگے نکل جاتی ہیں۔ (یو این آئی)