لکھنو: صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے کہاکہ عالمی وبا کے خلاف لڑائی میں ڈاکٹروں کا کردار اہم رہا ہے۔ کووند نے لوگوں کو اچھی طبی سہولیات فراہم کرانے کے لئے سنجے گاندھی پوسٹ گریجوئیٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس جی پی جی آئی) کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جو بیمار ہیں اور جنہیں علاج کی ضرورت ہے، ان کے لئے ڈاکٹر کسی فرشہ سے کم نہیں ہوتے لیکن ڈاکٹروں کو لکھنو یا اترپردیش تک محدود نہیں رہنا چاہئے۔ پورے ملک یہاں تک پوری دنیا کو ان کی ضرورت ہے۔ایس جی پی جی آئی کی 26ویں تقسیم اسناد تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر مسٹر کووند نے کہاکہ ایک دہائی سے بھی کم وقت میں ادارے نے طبی تعلیم کے میدان میں ایک نئی جہت قائم کی ہے۔صدر اس پروگرام میں اہلیہ سویتا کووند کے ساتھ پہنچے تھے۔ انہوں نے طلبا کو ڈگریاں دیں۔ اس موقع گورنر آنند ی بین پٹیل موجود تھیں۔صدر نے کہاکہ ایس جی پی جی آئی نے این آئی آر ایف رینکنگ میں میڈیکل کٹیگری میں پانچویں رینک حاصل کی ہے جو ان کی بے مثال کامیابی کو ظاہر کرتی ہے۔ اب اترپردیش سمیت دیگر ریاستوں کے لوگوں کو اچھے علاج کے لئے دہلی جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایس جی پی جی آئی کی لیب میں 20 لاکھ سے زیادہ کووڈ ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ حالانکہ کورونا کے خلاف لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ اس سے بچاو کے لئے ماسک اور سوشل ڈسٹینسنگ بہت ضروری ہے نیز ٹیکہ کاری بھی کووڈ سے بچاو میں اہم ہتھیار بنے گی۔اس موقع پر 116طلبا کو ڈگریاں دی گئیں جن میں ڈی ایم کے 40، ایم سی ایچ کے 18، پی اے ڈی ایف کے دس، ایم ڈی کے 33، پی ایچ ڈی کے دو، ایم ایچ اے کے پانچ اور بی اے سی نرسنگ کے آٹھ طلبا شامل ہیں۔