نئی دہلی : خواتین بھی نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) میں داخلہ لے سکیں گی ۔ مرکزی حکومت نے بدھ کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ ہندوستان کی مسلح افواج میں مستقل کمیشن کیلئے این ڈی اے میں خواتین کو بھی بھرتی کیا جائے گا ۔ حال ہی میں سپریم کورٹ نے مرکز اور ہندوستانی فوج کو’پالیسی‘ کی وجہ سے پھٹکار لگائی تھی اور معاملہ کا جائزہ لینے کا حکم دیا تھا ۔ اس کے علاوہ عدالت نے خواتین کو اس سال ہونے والے امتحان میں شرکت کی اجازت دی تھی ۔حالانکہ حکومت نے کہا ہے کہ این ڈی اے کورسیز میں خواتین کو شامل کرنے کے لیے گائیڈ لائن تیار کرنے کی خاطر کچھ وقت درکار ہے ۔ سپریم کورٹ نے حکومت کو 10 دنوں کا وقت دیا ہے ۔ عرضی پر سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ ہمیں یہ جان کر بے حد خوشی ہورہی ہے کہ مسلح افواج نے خود ہی خواتین کو این ڈی اے میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اصلاحات ایک دن میں نہیں ہوتیں… حکومت اس پروسیس اور کارروائی کیلئے ٹائم لائن طے کرے گی ۔عدالت نے کہا کہ مسلح افواج ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں … لیکن افواج میں صنفی مساوات کے لیے مزید کام کی ضرورت ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ عدالت کی مداخلت کا انتظار کرنے کی بجائے خود ہی صنفی مساوات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں ۔بدھ کو عدالت عظمی اس عرضی پر سماعت کر رہی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواتین کو بھی این ڈی اے یعنی نیشنل ڈیفنس اکیڈمی اور نیول اکیڈمی میں جگہ ملنی چاہئے ۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو حکم دیا تھا کہ اس سال ہونے والے این ڈی اے امتحان میں طالبات کو بھی شرکت کی اجازت دی جائے ۔ ان کا سلیکشن ہوگا یا نہیں ، کورٹ اس پر بعد میں فیصلہ کرے گا ۔ حکومت اب تک این ڈی اے میں خواتین کے جانے کی مخالفت کر رہی تھی ۔حکومت کا کہنا تھا کہ فوج میں خواتین کا انتخاب یو پی ایس سی اور دیگر امتحانات کے ذریعہ کیا جاتا ہے، اس لئے فی الحال این ڈی اے کا راستہ کھولنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ لیکن آج کی سماعت میں وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے منگل کو فیصلہ کیا ہے کہ خواتین کو این ڈی اے میں داخلہ دیا جائے گا ۔ حکومت کی نئی پالیسی کے مطابق اب این ڈی اے اور نیشنل نیول اکیڈمی میں بھی خواتین کیڈٹس کا انتخاب کیا جائے گا ۔اس کے جواب میں سپریم کورٹ نے کہا کہ تبدیلی وقت کی ضرورت ہے۔ لیکن حکومت کو بتانا پڑے گا کہ کتنا وقت درکار ہے ۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ 20 ستمبر تک حلف نامہ داخل کرکے ایک ٹائم لائن کے ساتھ بتائے کہ این ڈی اے میں خواتین کے داخلہ کو کیسے اور کب لاگو کیا جائے گا ۔