نئی دہلی : اگلے سال اترپردیش ، اتراکھنڈ ، پنجاب سمیت پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور مرکز میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ پارٹی نے بدھ کو پانچ ریاستوں کے انچارجوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کو اتر پردیش کا انچارج بنایا گیا ہے ۔ بی جے پی نے پردھان سمیت 8 مرکزی وزرا کو یوپی میں تعینات کیا ہے ۔ اس کے علاوہ پنجاب کی ذمہ داری کابینی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت کو دی گئی ہے ۔بی جے پی نے پردھان کو یوپی میں چیف انچارج بنایا ہے جبکہ انوراگ ٹھاکر ، ارجن رام میگھوال ، سروج پانڈے ، شوبھا کرندجالے ، کیپٹن ابھیمنیو ، ان پورنا دیوی اور وویک ٹھاکر کو ساتھی انچارج کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ پنجاب میں شیخاوت ذمہ داری سنبھالیں گے اور ان کے ساتھ ہردیپ پوری ، میناکشی لیکھی ، ونود چاوڈا ہوں گے ۔ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی اتراکھنڈ کے چیف انچارج ہوں گے۔ لاکیٹ چیٹرجی اور سردار آر پی سنگھ شریک انچارج کے کردار میں ہوں گے ۔ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس گوا کا انچارج بنایا گیا ہے جبکہ مرکزی وزیر بھوپندر یادو منی پور کے انچارج ہوں گے ۔قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ الیکشن کمیشن مارچ اور اپریل کے درمیان 2022 اسمبلی انتخابات کراسکتا ہے ۔ 2017 میں بی جے پی نے ہماچل پردیش ، اتر پردیش ، گوا ، اتراکھنڈ میں جیت حاصل کی تھی ۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے پنجاب اور منی پور میں حکومت بنائی تھی ۔ کانگریس کو پنجاب میں اندرونی لڑائی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔ ساتھ ہی تین نئے زرعی قوانین کی وجہ سے بی جے پی کو ریاست میں مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کسانوں کی ناراضگی کا اثر بی جے پی کو مغربی یوپی میں بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔بی جے پی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق مغربی اترپردیش کا تنظیمی انچارج ممبر پارلیمنٹ سنجے بھاٹیا کو بنایا گیا ہے جبکہ برج کا ایم ایل اے سنجیو چورسیا کو ، اودھ کا ستیہ کمار کو ، کانپور کا سدھیر گپتا کو اور گورکھپور کا اروند مینن کو انچارج بنایا گیا ہے ۔ پارٹی نے وارانسی کی ذمہ داری سنیل اوجھا کو سونپی ہے ۔