نئی دہلی،مرکزی وزیر مملکت برائے ماحولیات و جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی اشونی کمار چوبے نے ہفتہ کے روزقومی یوم شہدائے جنگلات کے موقع پر جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات کی بے لوث خدمت کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔مسٹر اشونی کمار چوبے نے قومی یوم شہدائے جنگلات کے موقع پر آج ٹویٹ کر کے جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات کے لیے بے لوث قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے مؤثر اور وسیع حیاتیاتی تنوع کو محکمہ جنگلات کے افسران اور عملہ محفوظ رکھتے ہيں، جو اس اہم دولت کے تحفظ اور فروغ کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران، محکمہ جنگلات کے متعدد افسران اور اہلکار نباتات اور حیوانات کے تحفظ کی خاطر جاں بحق ہوئے ہیں۔ قومی یوم شہدائے جنگلات 11 ستمبر کو منایا جاتا ہے تاکہ ملک کے جنگلات کی دولت اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں تعینات محکمہ جنگلات کے ملازمین اور افسران کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اس دن کا انتخاب کیا گیا ہے اس لیے کیا گیا کیونکہ اس دن کی تاریخی اہمیت ہے۔ سال 1730 میں اس دن، امرنتا دیوی کی قیادت میں بشنوئی قبائلی برادری کے 360 افراد کو بادشاہ کے حکم پر راجستھان کے کھیجرلی میں صرف اس لئے قتل کیا گیا تھا، کیونکہ وہ درختوں کی کٹائی کی مخالفت کر رہے تھے۔